مسائل کا شکار ممالک کی ضرورتوں پر غور کرنے کا مشورہ

   

باہمی تعاون کو یقینی بنانے پر زور، G-20 وزراء خارجہ کے اجلاس سے ایس جئے شنکر کا خطاب

ایس ایم بلال
نئی دہلی۔2 ۔مارچ ۔ وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جئے شنکر نے کہا کہ G-20 ممالک کو اپنے تمام ساتھی رکن ممالک اور خاص طور پر پسماندہ اور مسائل کا شکار ممالک کی ترجیحات اور معاشی ضرورتوں کے بارے میں سنجیدگی سے غور کرناچاہئے ۔ ڈاکٹر جئے شنکر نے کہاکہ مستقبل میں باہمی تعاون کا انحصار رکن ممالک کی صلاحیتوں اور طاقت پر منحصر ہے جس کے ذریعہ دنیا کے نئے چیلنجس کا سامنا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن ممالک کو آپس میں ایک دوسرے کی علاقائی اور یکجہتی اور آزادی کا مکمل احترام کرنا چاہئے اور اسی کے ذریعہ باہمی تعاون اور دیرپا ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ جئے شنکر نے G-20 وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ممالک کو انتہائی منظم اور شدید چیلنجس کا سامنا ہے ۔ ہمیں تغذیہ اور توانائی کے تحفظ پر اولین توجہ دینی چاہئے ۔ ان مسائل کے حل کیلئے طویل مدتی حل تلاش کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ G-20 ممالک عالمی بحران کے درمیان پہلی مرتبہ ایک دوسرے کے قریب آئے اور رکن ممالک کو کئی طرح کے امور کا سامنا ہے۔ کورونا وباء ماحولیاتی تبدیلی اور معیشت سے متعلق امور کا سامنا کرنا پڑا۔ جئے شنکر نے غذا ، فرٹیلائیزر اور فیول کے تحفظ پر توجہ دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے لئے یہ اہم مسائل ہیں۔ ہندوستانی وزیر خارجہ نے کہاکہ G-20 ممالک کو انفرادی اور اجتماعی طور پر بین الاقوامی ترقی میں ترقی اور خوشحالی میں اہم رول ادا کرنا ہوگا۔ ہندوستان نے 78 ممالک میں ترقیاتی پراجکٹس کو انجام دیا ہے اور صلاحیتوں کے تبادلہ کو یقینی بنایا ۔ کورونا وباء کے دوران ہندوستان میں کئی ممالک کی مدد کی ہے۔ موجودہ حالات کا تقاضہ ہے کہ ہم بین الاقوامی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے اپنا رول ادا کریں۔ ڈاکٹر جئے شنکر نے کہا کہ G-20 وزرائے خارجہ دنیا کو درپیش سنگین چیلنجس سے نمٹنے کیلئے اپنے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے دنیا کو مثبت پیام دے سکتے ہیں۔