مودی حکومت کی دلتوں سے زبانی ہمدردی، دلت رائٹس مومنٹ کی قومی کانفرنس سے سی پی آئی قائد کا خطاب
حیدرآباد ۔9۔جنوری (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ نے آزادی کے 78 سال کے بعد بھی ملک میں دلتوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور ذات پات کے نظام کی موجودگی پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک کو سماجی مساوات کی ضرورت ہے جس میں تمام طبقات کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے۔ عزیز پاشاہ آل انڈیا دلت رائیٹس مومنٹس کے زیر اہتمام دوسری قومی کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ آج بھی سماج میں دلتوں کے ساتھ چھوت چھات کا معاملہ سماج کیلئے باعث شرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے دستور ہند میں دلتوں اور دیگر کمزور طبقات کے لئے حقوق فراہم کئے لیکن دستوری حقوق پر موثر عمل آوری نہیں ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوانین کی موجودگی کے باوجود ان پر عمل آوری نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں ، آدیواسی اور بی سی طبقات میں اتحاد کی کمی کے سبب عدم مساوات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کمزور طبقات کو اپنے حقوق کیلئے متحدہ جدوجہد کرنی چاہئے ۔ ملک میں نریندر مودی حکومت کمزور طبقات اور دلتوں کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ سی پی آئی قومی سکریٹری نے دلتوں ، مسلمانوں اور دیگر کمزور طبقات پر زور دیا کہ اپنے حقوق کیلئے متحدہ جدوجہد کریں۔ آل انڈیا دلت رائٹس مومنٹ کے صدر اے رام مورتی نے کانفرنس کی صدارت کی۔ قومی قائدین ایم بالا نرسمہا ، کے ایس رتنم ، انیل کمار اور دوسرے شریک تھے۔1