نئی دہلی : ملک بھر میں بھگوا شدت پسندوں کی جانب سے بھگوا لو ٹریپ کی سازش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ان لوگوں کے خلاف کوئی مناسب قانونی کاروائی نہیں کی جارہی ہے جس سے ان کے حوصلے بلند ہیں۔ جھارکھنڈ میں اسی طرح کا ایک واقعہ پیش آیا جس میں دو بچوں کے باپ راجیو کمار نے ایک مسلم لڑکی کو محبت کے جال میں پھنساکر مبینہ طور پر جنسی تعلقات بنائے اور قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم راجیو کمار کی عمر 45 سال ہے نے صرف 24 سالہ ثنا پروین کو محبت کے جال میں پھنساکر اس کا استحصال کررہا تھا۔ ملزم کے مطابق ثنا نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ اس معاملہ میں پولیس کی تحقیقات جاری ہے۔ ثنا کے ارکان خاندان نے راجیو کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا، جس کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ وہیں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین جھارکھنڈ کے صدر محمد شاکر نے پہلے سے شادی شدہ دو بچوں کے باپ راجیو کمار پر بھگوا لو ٹریپ کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 24 سالہ ثنا کو محبت کے جال میں پھنساکر اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی اور قتل کردیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ثنا کے قتل کو راجیو نے خودکشی جیسا بنانے کی کوشش کی۔