کلوا کرتی میں واقعہ ۔ انسانی ہمدردی و بھائی چارہ کی مثال
حیدرآباد۔ 23 ڈسمبر (سیاست نیوز) سڑک پر زخمی مسلم نوجوان کو بچانے کی کوشش میں شدید نوجوان بھی ہلاک ہوگیا۔ انسانی ہمدردی اور آپسی بھائی چارہ کی ایک مثال اور گنگاجمنی تہذیب کو زندہ رکھنے کی کوشش میں دونوں نے اپنی جان گنوادی۔ تلنگانہ کے کلواکرتی میں یہ واقعہ دیکھنے میں آیا، جہاں ایک مسلم نوجوان کو بچانے میں ہندو نوجوان بھی ہلاک ہوگیا جنہیں ایک تیز رفتار لاری نے روند دیا۔ پولیس کے مطابق کلواکرتی کے ساکن 30 سالہ سید نواز اور اشوک اس حادثہ میں ہلاک ہوگئے۔ نواز جڑچرلہ میں واقع اپنے سسرال سے واپس ہورہا تھا۔ ایک ہفتہ قبل نواز کے گھر بیٹی پیدا ہوئی تھی اور بیٹی کو دیکھنے کے بعد وہ واپس ہورہا تھا کہ گذشتہ رات کلواکرتی میں زخمی ہوگیا۔ ایک نامعلوم گاڑی کی زد میں آ کر نواز زخمی ہوگیا تھا جو شدید زخمی حالت میں سڑک پر تڑپ رہا تھا۔ اس راستہ سے اشوک اپنی گاڑی میں گذر رہا تھا، اس نے نواز کو شدید زخمی حالت میں دیکھ کر ڈرائیور سے گاڑی روکنے کہا اور شدید زخمی نواز کو ہاسپٹل منتقل کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ اس دوران تیز رفتار لاری نے روند دیا اور دونوں برسرموقع ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع