چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 2 نومبر (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) تلنگانہ، سی سدرشن ریڈی نے آج تلنگانہ کے تمام 119 اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان پر خصوصی سرسری نظرثانی 2025ء کیلئے مسودہ فہرست رائے دہندگان کی اشاعت کا اعلان کیا۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے سدرشن ریڈی نے بتایا کہ 29 اکٹوبر 2024ء کو ریاست میں جملہ رائے دہندوں بشمول سرویس الیکٹرس کی تعداد 3,34,26,323 تھی جس میں 1,66,16,446 مرد رائے دہندے اور 1,68,07,100 خاتون رائے دہندے اور 2,777 تھرڈ جینڈر رائے دہندے ہیں۔ مسودہ فہرست میں 15,948 سرویس الیکٹرس اور 3,578 اوورسیز الیکٹرس بھی شامل ہیں۔ فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کے دوران 20 اکٹوبر 2024ء سے قبل داخل کردہ درخواستوں پر کارروائی کی گئی جس کے نتیجہ میں 8,02,805 رائے دہندوں کا اضافہ ہوا۔ 4,14,165 حذف کئے گئے اور 5,93,956 کے سلسلہ میں تصحیح کی گئی۔ نیز سی ای او نے کہا کہ جنسی تناسب میں ایک بہتری دیکھی گئی جو فبروری 2024ء میں 1009ء سے مسودہ فہرست میں 1012 ہوگیا۔ 18 تا 19 سال عمر کے نوجوان رائے دہندوں کی تعداد میں اہم اضافہ ہوا جو 8.51 لاکھ سے 10.03 لاکھ ریکارڈ کیا گیا۔ 2,25,462 رائے دہندے ایسے ہیں جن کی عمر 85 سال سے زیادہ ہے اور 5,28,085 معذور اشخاص ہیں۔ تھرڈ جینڈر ووٹرس کی تعداد میں بھی 2,737 سے 2,777 تک اضافہ ہوا ہے۔ یکم ؍ جنوری 2025ء کو 18 سال کے ہونے والے تمام اہل شہری جنہوں نے ان کے اندراج کیلئے ابھی تک درخواست نہیں دی ہے، ان سے کہا گیا ہیکہ وہ 29 اکٹوبر تا 28 نومبر 2024ء ادعاجات اور اعتراضات کی مدت کے دوران ناموں کا اندراج کرائیں۔ قطعی فہرست رائے دہندگان کی اشاعت 6 جنوری 2025ء کو ہوگی۔ یکم؍ اپریل، یکم ؍ جولائی اور یکم ؍ اکٹوبر 2025ء کو 18 سال کے ہونے والے فہرست رائے دہندگان میں ان کے ناموں کی شمولیت کیلئے ایڈوانس میں درخواست دینے کے اہل ہیں۔