کئی ناقص اشیاء کی ضبطی ، شہر میں غذائی مراکز کے خلاف کارروائیاں جاری
حیدرآباد ۔ 24۔ مئی (سیاست نیوز) بنگلور کی مشہور رامیشورم کیفے کے حیدرآباد میں موجود برانچ پر فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے دھاوا کرتے ہوئے کئی بے قاعدگیوں کا پتہ چلایا ہے۔ حکام کے مطابق رامیشورم کیفے میں کئی ایسی اشیاء استعمال کی جارہی ہیں جن کی ایکسپائیری ڈیٹ ختم ہوچکی ہے ۔ اس کے علاوہ کسی لیبل کے بغیر فروخت کی جانے والی اشیاء کو غذاؤں کی تیاری میں استعمال کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ میں ساؤتھ انڈیا غذاؤں کیلئے شہرت رکھنے والی رامیشورم کیفے سے کئی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 16 ہزار روپئے مالیت کی دال کے علاوہ دودھ اور دہی ضبط کیا گیا جس کی ایکسپائری ڈیٹ ختم ہوچکی تھی۔ ہوٹل کے کچن میں لیبل کے بغیر موجود اشیاء کو بھی ضبط کیا گیا ۔ ہوٹل کی جانب سے باورچیوں کیلئے میڈیکل فٹنس سرٹیفکٹ کا انتظام نہیں کیا گیا اور کچن میں صحت و صفائی کے ناقص انتظامات تھے۔ فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ میں حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں ہوٹلوں اور دیگر غذائی اشیاء فروخت کرنے والے مراکز کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے ناقص صحت و صفائی پر کارروائی کی ہے۔ باہوبلی کچن نامی ریسٹورینٹ کے غذائی اشیاء کے ساتھ مردہ جھنگر پائے گئے۔ ہوٹل میں صفائی کے انتظامات بھی ناقص تھے۔ واضح رہے کہ بنگلور کی مشہور رامیشورم کیفے میں حیدرآباد میں کوئک سرویس ریسٹورینٹ کے نام سے اپنے یونٹس قائم کئے ہیں۔ جنوری میں مادھا پور میں ایک یونٹ کا آغاز ہوا۔ اس ریسٹورینٹ میں اڈلی اور دوسہ کافی مشہور ہے۔ کئی مشہور شخصیتیں اس ہوٹل کا رخت کرتی ہیں۔ واضح رہے کہ فوڈ سیفٹی حکام نے حالیہ دنوں میں حیدرآباد میں کئی بڑے ریسٹورینٹس اور ہوٹلوں پر دھاوا کرتے ہوئے صحت و صفائی کے ناقص انتظامات کا پتہ چلایا ہے۔ 1