حیدرآباد 7 مئی (سیاست نیوز) مشیرآباد کے علاقہ میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ایک نوجوان ہلاک ہوگیا جہاں ایک لی لینڈ آٹو نے نوجوان کو روند دیا۔ ٹین شیڈ کو توڑ کر گاڑی گھس گئی اور نوجوان آٹو دیوار کے درمیان زد میں آگیا اور گاڑی کی رفتار اس قدر تیز تھی کہ نوجوان برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ اس حادثہ کی اطلاع سے مشیرآباد میں سنسنی پھیل گئی۔ متوفی کی شناخت محمد لطیف احمد کی حیثیت سے کرلی گئی جو ضلع میدک کے گمارام علاقہ سے تعلق رکھتا ہے۔ انسپکٹر مشیرآباد جی راج گوپال ریڈی نے بتایا کہ محمد لطیف احمد خریداری کے لئے مشیرآباد آیا تھا۔ حادثہ جی این گارڈن کے قریب پیش آیا۔ لطیف ٹین شیڈ کی خریداری کے لئے آیا تھا جو پیشہ سے میکانک بتایا گیا ہے۔ انسپکٹر پولیس مشیرآباد نے بتایا کہ اس حادثہ میں شمشیر نامی ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔ع؍V