معذورمسلم شخص سے وزیر برقی جگدیش ریڈی کا جذبہ انسانی ہمدردی

   

مالی امداد اور ٹرائی سائیکل کی فراہمی، ڈبل بیڈ روم کا وعدہ
حیدرآباد۔/21 جون، ( سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے ایک معذور مسلم شخص اور اس کے افراد خاندان کی بروقت مدد کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سوریا پیٹ میں اپنی رہائش گاہ پر جگدیش ریڈی عوامی مسائل کی سماعت کررہے تھے کہ دونوں پیروں سے معذور نذیر پاشاہ وہاں پہنچے تاکہ اپنے اور خاندان کے مسائل سے واقف کرائیں۔ وزیر برقی عوام سے ملاقات کے بعد گھر میں داخل ہورہے تھے کہ ان کی نظر اس معذور شخص پر پڑی۔ وہ فوری نذیر پاشاہ کے پاس پہنچے اور تفصیلات حاصل کیں۔ نذیر پاشاہ کی سماعت سے وزیر برقی بے حد غمگین ہوگئے اور فوری امداد فراہم کرنے ساتھیوں کو ہدایت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ سال بیماری کے سبب نذیر پاشاہ دونوں پیروں سے محروم ہوگئے۔ وہ گھر کے واحد کمانے والے شخص ہیں وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ وزیر برقی کے کیمپ آفس پہنچے۔ جگدیش ریڈی نے بیماری کی وجوہات اور موجودہ مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور فوری طور پر نذیر پاشاہ کو ٹرائی سائیکل، ڈبل بیڈ روم مکان فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے اپنی جانب سے نذیر پاشاہ کی مالی مدد کی۔ وزیر برقی نے کہا کہ وہ اس خاندان کی مستقل آمدنی کیلئے کوئی نہ کوئی ذریعہ پیدا کریں گے۔ نذیر پاشاہ اور ان کی اہلیہ نے وزیر برقی کی بروقت مدد اور توجہ دہانی پر اظہار تشکر کیا۔ جگدیش ریڈی نے افراد خاندان کی تعلیمی اور معاشی مدد کا بھروسہ دلایا۔ر