مقبول ڈار:ترنگے کی تصویر کا قالین بُننے والا کشمیر ی

   

سرینگر: شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی سے تعلق رکھنے والا ایک قالین باف ایک خاص قالین تیار کر رہا ہے جس پر وہ وادی کی خوبصورتی یا ثقافت کی تصویر کشی نہیں کر رہا ہے بلکہ ملک کے ترنگے کو بُن رہا ہے ۔محمد مقبول ڈار نامی یہ قالین باف یہ خاص قالین وزیر اعظم نریندر مودی کو بطور تحفہ پیش کرنے والے ہیں۔قبل ازیں موصوف قالین باف نے کشمیری ثقافت کا ایک دلکش قالین بُن کر شہرت کو بلندیوں کو چھوا تھا۔انہوں نے اس قالین پرایک کشمیر خاتون کو روایتی لباس میں ملبوس شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کنارے پر بیٹھے دکھایا تھا جس کی یہاں کافی پذیرائی ہوئی تھی۔بانڈی پورہ کے آشٹنگو علاقے سے تعلق رکھنے والے محمد مقبول ڈار گذشتہ بیس برسوں سے قالین بافی کے پیشے سے وابستہ ہیں اور ضلع کے مختلف علاقوں میں اس کے قالین بافی کے بیس کارخانے چل رہے ہیں جن میں غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والی قریب پچاس لڑکیاں کام کر رہی ہیں۔موصوف قالین باف نے کہا میں آج کل ریشم کا چار فٹ بائی چار فٹ سائز کا قالین تیار کر رہا ہوں جس پر ملک کے ترنگے کو بُنا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ خاص قالین مکمل ہونے میں ابھی کم سے کم ڈیڑھ ماہ کا وقت لگ جائے گا۔ان کا کہنا ہے کہ میں یہ قالین وزیر اعظم نریندرمودی اور جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو بطور تحفہ پیش کرنا چاہتا ہوں تاکہ میرے کارخانوں میں کام کرنے والی لڑکیوں کے ہنر کی جلوہ نمائی بھی ہوسکے اور انہیں مدد بھی مل سکے ۔