ملازمتوں کا اعلامیہ تو جاری ‘ صداقتنامے ندارد

   

کاسٹ ‘ انکم اور دیگر سرٹیفیکٹس کے حصول میں طلبا کو مشکلات ‘ ایم آر او دفاتر میں عملہ کی کمی
حیدرآباد۔12مئی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے گروپ I امتحانات کے علاوہ پولیس میں بھرتیوں کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے لیکن ریاست بھر میں کاسٹ سرٹیفیکیٹ ‘ صداقتنامہ ٔ آمدنی‘سکونت اور مقامی صداقتناموں کی اجرائی میں تاخیر کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ وہ نوجوان جو سرکاری ملازمتوں کیلئے درخواستیں داخل کر رہے ہیں انہیں ان اسنادات کے حصول کیلئے متعلقہ تحصیل دفاتر اور ضلع کلکٹریٹ کے دفاتر کے چکر کاٹنے پڑرہے ہیں۔ محکمہ مال اور حکومت کے احکامات کے مطابق ان اسنادات کیلئے درخواست داخل کرنے والوں کو اندرون 7 یوم صداقتنامے جانی ہونے چاہئیں لیکن ایم آر او دفاتر میں عملہ کی کمی کے سبب درخواستوں کی جانچ اور تنقیح میں وقت کے باعث صداقتنامو ں کی اجرائی میں زائد از 30یوم لگ رہے ہیں۔ حیدرآبادو سکندرآباد کے بیشتر علاقوں کے نوجوان جو کہ ضلع کلکٹریٹ حیدرآباد ‘ رنگاریڈی اور میڑچل۔ ملکاجگری حدود میں آتے ہیںانہیں کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس پر متعدد طلبہ تنظیموں کے ذمہ داروں اور منتخبہ نمائندوں کی جانب سے ضلع کلکٹریٹس کو متوجہ کروایا جا رہاہے لیکن اس مسئلہ کو حل نہ کرنے کے سبب ہزاروں نوجوانوں کے درخواستوں کے ادخال سے محروم ہونے کا خدشہ ہے۔ حکومت بالخصوص چیف سیکریٹری اور محکمہ مال کو چاہئے کہ وہ فوری توجہ دیتے ہوئے ان مسائل کی یکسوئی کے اقدامات کریں تاکہ نوجوان جو درخواستوں کے ادخال سے محروم ہونے کے خدشات کا شکار ہیں انہیں راحت حاصل ہو۔ مسٹر پی روی کانت گوڑ صدر یوتھ کانگریس رنگاریڈی نے بھی کلکٹر ضلع رنگاریڈی کو مکتوب روانہ کرکے تمام تحصیلداروں کو ہدایات جاری کرنے اور جلد صداقتناموں کی اجرائی کو یقینی بنانے کی خواہش کی ۔ سرکاری جائیدادوں پر تقررات کے اعلامیہ کے بعد ان صداقتنامو ںکیلئے درخواستوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے اسی لئے ان کی عاجلانہ یکسوئی انتہائی ناگزیر ہے۔