ملزم مدھو یادو نربھیا ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا گیا

   

معین آباد عصمت ریزی کیس
ملزم مدھو یادو نربھیا ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا گیا
متاثرہ خاندان کی حفاظت اور ملزم کو سزا دلانے کا تیقن ۔ ڈی سی پی شمس آباد کا بیان
حیدرآباد : سائبر آباد پولیس نے معین آباد عصمت ریزی کیس میں خاطی شخص کو نربھیا ایکٹ کے تحت جیل منتقل کردیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس شمس آباد پرکاش ریڈی نے پریس کانفرنس میںبتایا کہ خاطی 44 سالہ بی مدھو سدن عرف مدھو یادو ساکن حمایت نگر کو جلد سخت سزا دلانے پولیس کی جانب سے پوری کوششیں کی جارہی ہیں ۔ متوفی 20 سالہ لڑکی کی بہن کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا اور معین آباد کے اس روڈی شیٹر مدھو سدن یادو کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا جائے گا اور سزا تک متوفی کے افراد خاندان کو پولیس تحفظ فراہم کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ فارنسک رپورٹ اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید کارروائی ہوگی ۔ کلوز ٹیم نے مدھو یادو کے مکان سے جو شواہد حاصل کئے ہیں ان کی جانچ کی جارہی ہے ۔ ڈی سی پی نے عوام سے درخواست کی کہ وہ انصاف کا مسئلہ پولیس پر چھوڑ دیں اور لڑکی کے نام کا استعمال نہ کریں اور جلد اس کیس میں خاطی کو سزا دلانے کوششیں جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ متوفی لڑکی کی چھوٹی بہن جو شکایت گذار ہے اس لڑکی سے خاتون سب انسپکٹر کی تفصیلی بات کروائی گئی اور بیان قلمبند کیا گیا ۔ لڑکی نے اپنے بیان میں ظلم و زیادتی کا ذکر کیا ۔ دونوں بہنوں پر مدھو یادو ظلم ڈھایا کرتا تھا ۔ نشہ کی حالت میں ان دونوں سے بدسلوکی کرتا تھا ۔ اس دن رات میں جب دونوں بہنیں کھانے کے بعد سوگئیں ، مدھو یادو کام کے بہانے متوفی لڑکی کو کمرے میں لے گیا اور صبح دیکھا گیا کہ وہ پھانسی پر تھی ۔ مدھو نے پولیس کے پہنچنے سے قبل لڑکی پر دباؤ ڈالا کہ وہ اپنا بیان اس کی مرضی کے مطابق دے ۔ بہن کو شدید درد شکم کی شکایت تھی اور خرابی صحت سے پریشان تھی ۔شائد اس وجہ سے 20سالہ لڑکی نے خودکشی کرلی ۔ مدھو یادو کی جانب سے لڑکی کی بہن پر دباؤ کے بیان کو بھی پولیس نے قلمبند کرلیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکی کی بہن اور بھائی کے علاوہ والد کے مکان پر بھی پولیس نے خاص نظر رکھی ہے اور متاثرہ خاندان کی حفاظت کو اہمیت دی جائے گی ۔ روڈی شیٹر مادھو یادو کے خلاف پی ڈی ایکٹ کی تیاری کرلی گئی ۔ اس کے علاوہ جوینائیل اوردیگر دفعات کے تحت کارروائی جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اے سی پی راجندر نگر اشوک چکرورتی اس کیس کی تحقیقات کررہے ہیں ۔