ملوبٹی وکرامارک کا مارچ کے پہلے ہفتہ سے پدیاترا کا آغاز

   

روٹ میاپ تیار، باسرا سے پدیاترا کا آغاز، کھمم میں اختتام، پارٹی کے تمام قائدین شرکت کریں گے

حیدرآباد ۔ 18 فبروری (سیاست نیوز) کانگریس میں ایک اور پدیاترا کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کی قیادت میں ’’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘‘ پدیاترا جاری ہے۔ قائد مقننہ کانگریس ملوبٹی وکرامارک اسی نام سے ایک اور پدیاترا مارچ کے پہلے ہفتہ سے منعقد کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں۔ ملوبٹی وکرامارک باسرا سے اپنی پدیاترا کا آغاز کرنے اور ریاست کے 35 اسمبلی حلقوں میں پدیاترا کرنے کا روٹ میاپ تیار کرلیا ہے۔ اس سلسلہ میں ملوبٹی وکرامارک، سابق رکن اسمبلی اے مہیشور ریڈی، سابق رکن قانون ساز کونسل پریم ساگر کے علاوہ دوسرے قائدین نے ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے پدیاترا کے روٹ میاپ کو قطعیت دی ہے۔ یہ پدیاترا متحدہ ضلع عادل آباد کے تمام اسمبلی حلقوں کے ساتھ اضلاع کریم نگر، نظام آباد، ورنگل، کھمم، نلگنڈہ، محبوب نگر میں جاری رہے گی اور اس کا اختتامی جلسہ عام کھمم میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شیڈول کے مطابق اسمبلی حلقوں کے قائدین کو اس کی اطلاع دیدی گئی ہے۔ چھتیس گڑھ کے صدر مقام رائے پور میں منعقد ہونے والی اے آئی سی سی پلینری کے بعد پدیاترا شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی ہائی کمان نے تلنگانہ کے 119 اسمبلی حلقوں میں آئندہ دو ماہ کے دوران ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پدیاترا مکمل کرنے کی کانگریس قائدین کو ہدایت دی ہے جس کے پیش نظر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے 6 فبروری کو اسمبلی حلقہ ملگ سے اپنی پدیاترا کا آغاز کیا ہے جس میں پارٹی کے تمام قائدین نے حصہ لیتے ہوئے ہم سب متحد ہونے کا عوام کو پیغام دیا ہے۔ تاہم اسمبلی کے بجٹ سیشن کے باعث ملوبٹی وکرامارک پہلے ریونت ریڈی کی پدیاترا میں شریک نہیں ہوسکے۔ بجٹ سیشن کے اختتام کے بعد اسمبلی حلقہ بھدراچلم میں منعقدہ پدیاترا میں انہوں نے شرکت کی تھی۔ پارٹی کے قائدین نے بتایا کہ کانگریس قائدین میں کوئی اختلافات نہیں ہے۔ ملوبٹی وکرامارک کی پدیاترا میں اتم کمار ریڈی، مدھوگوڑیشکی، سریدھر بابو، وی ہنمنت راؤ، ریونت ریڈی جیسے اہم قادئین بھی شرکت کریں گے۔ن