پرائم منسٹری سوریا گھر مفت بجلی اسکیم کے 49 لاکھ استفادہ کنندگان ، گجرات اور مہاراشٹرا کو سبقت
حیدرآباد۔20۔اگسٹ (سیاست نیوز) برقی تیاری کے غیر روایتی طریقہ کار کو فروغ دینے کے لئے مرکزی حکومت نے پرائم منسٹر سوریا گھر مفت بجلی یوجنا اسکیم کا آغاز کیا ہے جس کے تحت مکانات کی چھت پر سولار برقی تیاری کے یونٹ نصب کئے جائیں گے ۔ مرکزی حکومت کی اس اسکیم کے تحت 31 جولائی 2026 تک ملک میں 49.62 لاکھ استفادہ کنندگان کا تعین کیا گیا ہے۔ سولار برقی تیاری کی اسکیم میں گجرات اور مہاراشٹرا سرفہرست ہے ۔ مرکزی اسکیم کا 22.5 فیصد گجرات میں جبکہ مہاراشٹرا میں 22 فیصد تک اسکیم پر عمل کیا گیا۔ اترپردیش کی حصہ داری اسکیم میں 14.6 فیصد درج کی گئی جبکہ کیرالا ، راجستھان اور آندھراپردیش ریاستوں نے سولار برقی تیاریاں یونٹس کے قیام میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ سرکاری سطح پر برقی تیاری کی صلاحیتوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ حکومت نے عوام کو سولار برقی تیاری یونٹس کے ذریعہ برقی کے اضافی بوجھ سے نجات دلانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ سولار برقی تیاری کی صورت میں عوام ہر ماہ برقی کے بلز کی ادائیگی سے بچ جائیں گے۔ ملک بھر میں کلین اور گرین اینرجی کے نظریہ کو فروغ دینے کیلئے شہری اور دیہی علاقوں میں سولار برقی کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ زرعی شعبہ میں سولار اینرجی کی تیاری کے ذریعہ زرعی پمپ سیٹس اور دیگر اغراض کے لئے بھی غیر روایتی برقی کے استعمال کی ترغیب میں اضافہ ہوا ہے ۔ سولار برقی تیاری کے نتیجہ میں حکومتوں کو بھی برقی کے تیاری کے اخراجات میں کمی واقع ہوگی۔ مرکزی اسکیم کو مرحلہ وار طور پر دیگر ریاستوں میں توسیع دی جارہی ہے ۔1/k