صدرجمہوریہ مرمو کا دورہ بھدراچلم، قبائیلیوں کے اسکول کا افتتاح
حیدرآباد۔/28 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ ملک کی مجموعی ترقی کیلئے خواتین کو خود مکتفی بنانا ضروری ہے۔ صدر جمہوریہ نے آج بھدراچلم کے دورہ کے موقع پر مندر میں خصوصی پوجا کی اور دیگر پروگراموں میں شرکت کی۔ انہوں نے ایکلویہ آدرش اسکول کے ذریعہ گریجن طبقات سے تعلق رکھنے والے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کی امید ظاہر کی اور اس سلسلہ میں اسکول کے قیام پر مبارکباد پیش کی۔ صدر جمہوریہ نے گریجن طبقات کے سمکا سارالماں جاترا میں بھی حصہ لیا۔ صدر جمہوریہ نے اسکول کا ورچول افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ تلنگانہ کا ان کا دورہ یادگار ثابت ہورہا ہے۔ صدر جمہوریہ نے اس موقع پر مشہور تلگو شاعر داسرادھی کی مشہور نظم کا حوالہ دیا جس کا موضوع ’’ میرا تلنگانہ، کروڑہا جواہرات کا مجموعہ ‘‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ رامائن کا بھدرا چلم سے گہرا تعلق ہے۔ سیتا راملو اور لکشمن یہاں کچھ عرصہ کیلئے قیام کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی مقامات کو سیاحتی مقامات کے طور پر ترقی دینے کی مساعی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں مرکزی وزارت سیاحت و کلچر کو مبارکباد پیش کی۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ گریجن طبقہ کی ترقی کیلئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزیر بہبودی خواتین و اطفال ستیہ وتی راٹھور نے کہا کہ گریجن خاتون کا صدر جمہوریہ کے عہدہ پر فائز ہونا گریجن طبقات کیلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف آباد اور محبوب آباد اضلاع میں ایکلویہ اسکولس کا قیام قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقامتی اسکولوں کے ذریعہ معیاری تعلیم کا انتظام کیا ہے۔ صدر جمہوریہ نے بھدرا چلم میں سیاحتی مقام کی ترقی کیلئے مرکزی حکومت کے پراجکٹ ’’ پرساد ‘‘ کا افتتاح کیا۔ ر
صدر جمہوریہ انڈین ایر فورس کے خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ حیدرآباد سے بھدراچلم پہنچیں۔ ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن، وزراء پی اجئے کمار، ستیہ وتی راٹھور، ضلع کلکٹر انودیپ درشتی، سپرنٹنڈنٹ پولیس ڈاکٹر ونیت نے ہیلی پیاڈ پر صدر جمہوریہ کا استقبال کیا۔ سیتا رام چندرا سوامی مندر میں پجاریوں نے روایتی انداز میں استقبال کیا۔ مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی کے ہمراہ صدر جمہوریہ نے سیاحتی ترقی اسکیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس اسکیم کے تحت 41.38 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ صدر جمہوریہ نے ایکلویہ ماڈل اقامتی اسکول کا محبوب آباد، آصف آباد میں ورچول افتتاح انجام دیا۔ ونساوی کلیان پریشد کی جانب سے منعقدہ سمکا سارالماں جاترا میں شرکت کی۔ راشٹر پتی مرمو ملک کی پہلی خاتون صدر ہیں جنہوں نے بھدرا چلم مندر کا دورہ کیا۔ رکن پارلیمنٹ ایم کویتا، ایم ایل سی ٹی مدھوسدن چاری، ضلع پریشد کے صدرنشین کے کنہیا اور رکن اسمبلی پی ویریا نے صدر جمہوریہ کا استقبال کیا۔ر