حیدرآباد 24 فروری(یواین آئی ) مرکزی وزیر وبی جے پی تلنگانہ کے صدر کشن ریڈی نے کہا کہ عوام کانگریس اور بی آر ایس لیڈروں کی باتوں پر یقین نہ کریں۔ کل رات کشن ریڈی نے منچریال کے ضلع مستقرمیں بی جے پی کی وجئے سنکلپ یاترا کے جلسہ عام میں شرکت کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ہمیں ایسے لیڈر کا انتخاب کرنا چاہئے جس سے ملک کو فائدہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سوچنا چاہیے کہ 2014 سے پہلے ملک کی حالت کیا تھی اور ساڑھے 9 سال میں کیسی رہی ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس دور حکومت میں بدعنوانی، گھوٹالے اور دہشت گردانہ سرگرمیاں ہوئیں۔ کشن ریڈی نے کہا کہ عوام دوبارہ مودی کو ملک کے مستقبل کیلئے آشیرواد دیں۔ مودی کی خوبیاں بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج نے پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک سے لشکر طیبہ کے اڈوں کو نشانہ بنایا۔