منشیات کی لت کو روکنے میں میڈیکل اسٹور مالکان کا اہم کردار

   

چنڈی گڑھ : ہریانہ کے پولیس ڈائریکٹر جنرل شتروجیت کپور نے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف پولیس کی طرف سے چلائی جا رہی مہم میں میڈیکل اسوسی ایشنز اور میڈیکل اسٹور آپریٹرز کا کردار اہم ہے ، اس لیے وہ پولیس کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کریں اور منشیات سے پاک معاشرے کی تعمیر میں مدد کریں۔ کپور نے ہفتہ کو سرسا کے برنالہ روڈ پر واقع پنچایت بھون میں میڈیکل اسٹور آپریٹرز اور ان کے نمائندوں کے ساتھ منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی لت ایک سماجی مسئلہ ہے ، اس کے حل کیلئے ہم سب کو متحد ہو کر کوششیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کا کسی بھی حال میں غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے ، اس لیے کوئی بھی میڈیکل اسٹور چلانے والا اپنے یہاں ممنوعہ ادویات فروخت نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل اسٹور چلانے والے ڈاکٹروں کے نسخے کے بغیر ادویات نہ دیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے اور انہیں تعلیم اور کھیلوں کے حوالے سے آگاہ کرنے کیلئے مسلسل مہم چلا رہا ہے ، اس لیے میڈیکل آپریٹرز بھی اس کا حصہ بن کر نوجوانوں کی توانائی کو درست سمت میں استعمال کرنے کیلئے آگے آ ئیں۔ کپور نے کہا کہ محکمہ پولیس منشیات کے اسمگلروں پر اپنی گرفت پوری طرح سے سخت کر رہا ہے ، اگر کسی وجہ سے کوئی نوجوان منشیات کی دلدل میں پھنس گیا ہے تو اس کا علاج کروا کر اسے سماج کے مرکزی دھارے میں واپس لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔