معیشت پوری طرح خستہ حال، کانگریس کے مواصلاتی انچارج جے رام رمیش کی پریس کانفرنس
نئی دہلی، 20 نومبر (یواین آئی) کانگریس نے معیشت کی خستہ حالی کے لیے حکومت کی پالیسیوں کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں تنخواہوں اور روزگار میں اضافہ نہیں ہو رہا ہے ، نجی سرمایہ کاری کی رفتار سست ہے اور معاشی عدم مساوات مسلسل بڑھ رہی ہے ۔ کانگریس کے شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو فکی کے ایک پروگرام میں صنعت کے بڑے کاروباریوں کو نصیحت کرتے ہوئے وہی باتیں دہرائیں، جنہیں کانگریس طویل عرصے سے اٹھاتی رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے اپنے منشور ’نیائے پتر‘ میں بھی ان باتوں کو نمایاں طور پر شامل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کانگریس کی ان باتوں کو ’اربن نکسل‘ سوچ سے متاثر قرار دیا گیا تھا، لیکن اب خود مودی انہی مسائل کو تسلیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت نے معاشی طاقت کو چند منتخب بڑے صنعت کاروں کے ہاتھوں میں سمٹنے دیا ہے ، جس کے نتیجے میں بازار میں مسابقت کمزور ہوئی اور چھوٹے کاروباریوں اور صنعتوں کو نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ حکومت نے خوف اور دباؤ کا ایسا ماحول پیدا کیا ہے ، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد کمزور ہوا ہے ۔ کانگریس رہنما نے کہا کہ چین کے ساتھ ہندوستان کا تجارتی خسارہ ریکارڈ سطح پر پہنچنے سے لاکھوں چھوٹی اور درمیانی صنعتیں متاثر ہوئی ہیں۔ نوٹ بندی اور اشیا و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کے پیچیدہ نظام نے بھی چھوٹے کاروباریوں کی مشکلات میں اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو شکایتیں کرنے اور صنعت کاروں کو نصیحت دینے کے بجائے مہنگائی، بے روزگاری اور نجی سرمایہ کاری میں سست روی جیسے مسائل کے حل کے لیے درست پالیسیاں اختیار کرنی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معیشت تقریروں سے نہیں بلکہ اعتماد کے ماحول اور جوابدہ حکومت کے ذریعہ چلتی ہے ۔