مودی نے 12 سال میں پہلی بار معاشی مسائل کا اعتراف کیا:کانگریس

   

نئی دہلی، 20 نومبر (یواین آئی) کانگریس کے جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ جے رام رمیش نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 12 سال میں پہلی بار معاشی مسائل کا اعتراف کیا ہے ، جنہیں کانگریس طویل عرصے سے اٹھاتی رہی ہے ۔ جمعہ کو کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں مسٹر رمیش نے کہا کہ فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (فکی) کے ایک پروگرام میں وزیر اعظم نے انہی معاشی مسائل کو تسلیم کیا ہے ، جنہیں کانگریس طویل عرصے سے اٹھاتی رہی ہے اور 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے منشور میں بھی نمایاں طور پر شامل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہو رہا ہے ، ٹیکس کی شرحوں میں کمی کے باوجود نجی سرمایہ کاری میں تیزی نہیں آئی ہے اور روزگار کے مناسب مواقع پیدا نہیں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان مسائل کے لیے مرکزی حکومت کی پالیسیاں ذمہ دار ہیں۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران معاشی طاقت چند منتخب بڑے کاروباریوں کے ہاتھوں میں سمٹ کر رہ گئی ہے ۔ بازار میں مسابقت کمزور ہوئی ہے اور چھوٹی صنعتوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ حکومت پرریگولیٹری اداروں اور تفتیشی ایجنسیوں کے غلط استعمال کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے چین کے ساتھ بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے پر بھی تشویش ظاہر کی۔
رمیش نے نوٹ بندی اور پیچیدہ اشیا و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کو معیشت کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کو تقریریں کرنے کے بجائے مہنگائی، بے روزگاری اور سست رفتار سرمایہ کاری کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی صنعت بہتر پالیسیوں اور جوابدہ حکومت کی حق دار ہے ۔