اس موضوع پر بحث کے بعد وزیر اعظم میںکسی نوجوان کے سامنے کھڑے ہونے کی ہمت نہیں ہوگی: راہول گاندھی
نئی دہلی،9 نومبر (آئی اے این ایس) لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اورکانگریس کے سینئر رہنما راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک بار پھر کھلے عام مباحثے کا چیلنج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمنی اور غیر ملکی طاقتوں کے زیر اثر ہونے کے الزامات پر وزیر اعظم ان کے ساتھ کسی بھی وقت اورکسی بھی مقام پر بحث کرسکتے ہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں راہول گاندھی نے لکھا، انہوں نے ہمیں نکسل کہا۔ میرا چیلنج اب بھی برقرار ہے۔ وہ مجھ سے اس موضوع پر مباحثہ کریں کہ ملک دشمن کون ہے اور غیر ملکی طاقتوں کے کنٹرول میں کون ہے۔ کسی بھی وقت، کسی بھی مقام پر۔ میرا چیلنج ہے کہ اس مباحثے کے بعد وزیر اعظم میں کسی ایک جوان کے سامنے بھی کھڑے ہونے کی ہمت نہیں ہوگی۔راہول گاندھی کی یہ سوشل میڈیا پوسٹ سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے جوانوں سے مخاطب تھی۔اس سے قبل اتوارکے روز چھتیس گڑھ میں سی آر پی ایف اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ نکسل ازم (ماؤ ازم) کا خاتمہ ہی ملک کی آخری منزل نہیں ہے، بلکہ ملک کو اب بھی ’دماغی نکسل‘ عناصر کے چیلنج کا سامنا ہے، جنہوں نے کئی اداروں پر اپنا اثر و رسوخ قائم کرلیا ہے۔ راہول گاندھی اور انڈیا اتحاد کی دیگر جماعتوں پر بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے، جو الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) جیسے اداروں کی غیر جانب داری پر سوال اٹھاتی رہی ہیں، وزیر اعظم نے کہا تھاآج بھی یہ لوگ ملک کے آئین اور جمہوریت کے خلاف عوام کو اکسا رہے ہیں۔ ان ’دماغی نکسل‘ عناصر نے کئی سیاسی جماعتوں اور مختلف اداروں میں بھی اپنی جگہ بنالی ہے۔ ہمیں ان کی شناخت کرنی ہوگی، انہیں شکست دینی ہوگی اور ملک کی سلامتی کو یقینی بنانا ہوگا۔وزیر اعظم نے دیوالی کے موقع پر بستر میں سکیورٹی فورسزکے اہلکاروں سے ملاقات اور بات چیت کے دوران اس بات پر زور دیا کہ حالیہ کامیابیوں کو ملک کے بڑے قومی مقاصد کے حصول کی بنیاد بنانا چاہیے۔انہوں نے کہاآج کی کامیابیاں ہمیں حوصلہ دیتی ہیں، لیکن یہ سفر کا اختتام نہیں ہے۔ میں پھر کہتا ہوں کہ یہ سفر کا اختتام نہیں ہے۔