کابینی سب کمیٹی کا اجلاس ، پراجکٹ میں تعاون کیلئے عوام سے اپیل
حیدرآباد ۔8۔ مئی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے تیقن دیا کہ موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کی تکمیل کے لئے حکومت کی جانب سے تمام متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے پرجا بھون میں موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ پر کابینی سب کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ ریاستی وزراء سریدھر بابو اور پونم پربھاکر کے علاوہ اعلیٰ عہدیدار اجلاس میں شریک تھے۔ اس موقع پر موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کے تحت مدھو پارک ریسیڈنشیل اسوسی ایشن کے نمائندوں نے کابینی سب کمیٹی سے ملاقات کی ۔ ریاستی وزراء نے کہا کہ پراجکٹس کے سلسلہ میں متاثر ہونے والے افراد کو اندیشوں کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ مدھو پارک کے مکینوں کی بازآبادکاری کے لئے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مطمئن رہنا چاہئے اور حک ومت ان کی بھلائی کیلئے سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو آلودگی سے پاک شہر بنانے کے مقصد سے موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ شروع کیا جارہا ہے۔ موسیٰ ندی کو خوبصورت بناتے ہوئے سیاحتی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پراجکٹ کی تکمیل میں حکومت سے تعاون کریں۔ اسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ڈپٹی چیف منسٹر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے پراجکٹ کے معاملہ میں تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین میں بازآبادکاری کے سلسلہ میں اندیشے پائے جاتے ہیں۔ اس موقع پر اسوسی ایشن کے صدر سرینواس ریڈی ، سکریٹری جی وی شیکھر اور اسوسی ایشن کے ارکان موجود تھے۔ سب کمیٹی نے اسوسی ایشن کے عہدیداروں کے پراجکٹ کے منصوبہ سے واقف کرایا ۔ 1/k