موسیٰ ندی پراجکٹ میں مندر کی تعمیر کیلئے 1108 کروڑ روپیوں کی منظوری

   

فوری تعمیراتی کام کا آغاز کرنے کی ہدایت ، مندر کے اطراف و اکناف باغبانی و سڑکیں ، حکومت کے احکامات
حیدرآباد۔8۔اکٹوبر۔(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے موسیٰ ندی پراجکٹ میں اوم کاریشورا مندر کی تعمیر کے لئے 1108 کروڑ کی منظوری دیتے ہوئے فوری تعمیراتی کاموں کا آغاز کرنے اور انہیں تیزی کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ حکومت تلنگانہ کے منصوبہ کے مطابق موسیٰ ندی کے طاس میں کی جانے والی اس مندر کے ساتھ مندر تک رسائی کے لئے حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے تیار کردہ ماسٹر پلان کے مطابق 6لین کے راستہ اور باغبانی کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ عہدیداروں کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے دی گئی 1108 کروڑ کی منظوری میں مجموعی طور پر مندر کی تعمیر کے لئے 948 کروڑ خرچ کئے جائیں گے جبکہ مابقی رقم مندر کے اطراف وا کناف ترقیاتی کاموں کے علاوہ مندر تک پہنچنے کے لئے راستوں کی تعمیر کے لئے خرچ کئے جائیں گے۔ منچیراولہ کے قریب موسیٰ ندی کے طاس میں تعمیر کی جانے والی اس مندر کے اطراف و اکناف سڑکوں کی تعمیر ‘ باغبانی ‘ 100 فیٹ پر مشتمل فٹ پاتھ اور دیگر کاموں کے لئے 159.62 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ میں شامل اس مندر کے تعمیری و ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں عہدیداروں نے بتایا کہ اس پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے رقمی منظوری اور تعمیراتی کاموں کے آغاز کویقینی بنانے کا چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے وعدہ کیا تھا اور اس وعدہ کو پورا کرتے ہوئے حکومت نے 1108 کروڑ روپئے کی اجرائی عمل میں لاتے ہوئے موسیٰ ندی بیوٹیفیکیشن پراجکٹ کے کاموں کو عملی طور پر شروع کردیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ اس مندر کو ندی کے طاس میں موجود دیگر منادر سے مربوط کرنے کے اقدامات بھی کئے جائیں گے اور اس سلسلہ میں منصوبہ کی تیاری کی بھی عہدیداروں کو تاکید کی گئی ہے تاکہ موسیٰ ندی کے طاس میں موجود منادر اور اومکاریشورا مندر کو مربوط کرتے ہوئے اس مندر کے درشن کے لئے پہنچنے والوں کو دیگر منادر تک پہنچنے کی سہولت پہنچائی جاسکے۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے درمیان سے گذرنے والی موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ کی مختلف گوشوں سے مخالفت کی جا رہی ہے لیکن اس کے باوجود ریاستی حکومت اس پراجکٹ پر تیزی سے کام کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے پراجکٹ میں موجود اراضیات کے حصول کے سلسلہ میں اقدامات کو بھی تیز کیا جاچکا ہے اور کئی مقامات پر ندی کے طاس میں موجود جائیدادوں کے حصول کے لئے نوٹسوں کی اجرائی بھی عمل میں لائی جاچکی ہے۔3m/b