موسیٰ ندی کے متاثرین سے مکمل انصاف کیا جائیگا ‘ چیف منسٹر کا تیقن

   

اپوزیشن عوام کو مشتعل کرکے فائدہ اٹھانے کوشاں۔ مودی نے سابرمتی ریور فرنٹ کیلئے 64 ہزار خاندانوںکو بے گھر کیا تھا ‘ ریونت ریڈی کا خطاب

حیدرآباد 5 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے موسیٰ ندی کے متاثرین کے ساتھ مکمل انصاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نقل مقام کرنے والے متاثرین کے ساتھ کھڑے رہے گی ۔ کسی کو ہرگز بے گھر نہیں کرے گی انہیں متبادل طریقوں سے راحت پہونچائی جائیگی ۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین پر متاثرین سے جھوٹی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے فارم ہاوزس کو بچانے ڈرامہ کرنے کا الزام عائد کیا اور ان کی باتوں پر بھروسہ نہ کرنے کا متاثرین کو مشورہ دیا ۔ آج رویندرا بھارتی میں سابق مرکزی وزیر جی وینکٹ سوامی کی یوم پیدائش تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور موسیٰ ندی کے متاثرین کو حکومت کی جانب سے بھروسہ دلانے کی کوشش کی ۔ انہیں حوصلہ رکھنے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ متاثرین کو مشتعل کرکے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کرنے کی بجائے انہیں کیسے راحت پہونچائی جائے اس پر تجاویز پیش کریں ۔ انہیں مکانات دئیے جائیں ؟ یا معاوضہ دیا جائے یا پھر سرکاری اراضیات دی جائے کیا کریں حکومت کو مشورے دیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت شہر حیدرآباد کو پانی کے خطرے سے بچانے اور عوام کی بھلائی کے بارے میں غور کررہی ہے ۔ موسیٰ ندی کے قریب رہنے والے عوام کو تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ سے صرف ایک ہی خاندان کو فائدہ پہونچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی کے متاثرین کو راحت فراہم کرنے صرف 10 ہزار کرور روپئے کی ضرورت ہوگی ۔ حکومت غریبوں کیلئے 10 ہزار کروڑ روپئے خرچ کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے گی ۔ چیف منسٹر نے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو مشورہ دیا کہ وہ سکریٹریٹ پہونچیں اس مسئلہ کا حل برآمد کرنے تبادلہ خیال کریں گے ۔ مسائل کا حل نکالیں گے یا پھر موسیٰ ندی کو ختم کردیں ۔ اس پر غور کریں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے سابرمتی ریور فرنٹ کیلئے 64 ہزار خاندانوں کو منتقل کیا ہے ۔ صرف 16 ہزار خاندانوں کو معاوضہ ادا کیا ہے ۔ اس طرح موسیٰ ریور فرنٹ تیار کرنے پر ایٹالہ راجندر کو تکلیف کیوں ہورہی ہے ۔ سوال کیا ۔ بی آر ایس پارٹی کے بنک کھاتے میں 1500 کروڑ روپئے ہیں جس میں سے 500 کروڑ روپئے موسیٰ ندی کے متاثرین کو دینے کا مطالبہ کیا ۔ گجویل میں کے سی آر کا ایک ہزار ایکر اراضی پر فارم ہاوز ہے ۔ اس میں 500 ایکر اراضی عطیہ دینے پر غریب عوام کیلئے اندرا اماں مکانات تعمیر کرنے کا اعلان کیا ۔ کے ٹی آر کا جنوڑا میں 50 ایکر اراضی پر فارم ہاوز ہے ۔ جس میں 25 اراضی غریبوں کیلئے چھوڑ دینے کا مشورہ دیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 2009 سے کے سی آر خاندان کی جائیدادیں ، اثاثہ جات اور دولت میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے ریس کورس اور عنبر پیٹ میں واقع پولیس اکیڈیمی کو شہر سے باہر منتقل کرتے ہوئے وہاں اندرا اماں مکانات تعمیر کرنے کا اعلان کیا ۔ غریب عوام سے انصاف کرنے ایک کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے اس میں ایٹالہ راجندر ، کے ٹی آر ، ہریش راؤ ، پونم پربھاکر کو بحیثیت ارکان شامل کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی تکلیف کا انہیں احساس ہے ہر کام کی مخالفت نہ کرنے کی اپوزیشن سے اپیل کی ۔۔ 2