مہنگائی کے خلاف 5 اگست کو کانگریس کا ریاست گیر احتجاج

   

حیدرآباد۔ 31 جولائی (سیاست نیوز) ملک میں بڑھتی مہنگائی اور اشیائے ضروریہ پر جی ایس ٹی نفاذ کے خلاف کانگریس نے 5 اگست کو ریاست گیر سطح پر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کی اپیل کی ہے۔ تمام ریاستی یونٹس کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کی گئیں۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں مرکز کے خلاف احتجاج منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافے سے غریب اور متوسط طبقات بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے بجائے اگنی پتھ جیسی اسکیم شروع کی گئی جو مسلح افواج کو کمزور کرنے کا سبب بنے گی۔ حکومت نے غذائی اشیاء پر جی ایس ٹی میں اضافہ کرتے ہوئے غریبوں اور متوسط طبقات کو بے حال کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں حالیہ بارش اور سیلاب کے نتیجہ میں 20 لاکھ ایکڑ اراضی پر فصلوں کو نقصان پہنچا۔ سیلاب سے 2000 کروڑ کا نقصان ہوا ہے لیکن مرکز سے امداد حاصل کرنے کے سی آر حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے دہلی میں قیام کے دوران فنڈس کے حصول کی کوشش نہیں کی۔ 5 اگست کو اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر احتجاج منظم کیا جائے گا اور ضلعی سطح پر پارٹی کے سینئر قائدین حصہ لیں گے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی احتجاج میں شریک ہوں گے۔ ر