میاں بیوی کے درمیان جھگڑا، بیوی کی بچوں کے ساتھ اجتماعی خودکشی

   

حیدرآباد ۔ 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) میاں بیوی کے درمیان جھگڑوں سے دلبرداشتہ ایک خاتون نے اپنے بچوں کے ساتھ اجتماعی خودکشی کرلی۔ وقارآباد ضلع کے سمن کرتی میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ بتایا جاتا ہیکہ ممتا نامی خاتون نے اپنے دو بچوں کے ہمراہ باؤلی میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔ اطلاع کے بعد پولیس نے مقامی عوام کی مدد سے اقدام کیا اور باؤلی سے نعشوں کو باہر نکالا اور نعشوں کی شناخت 30 سالہ ممتا اور 8 سالہ جناسری کی حیثیت سے کرلی گئی جبکہ ایک چار سالہ بچے ساکت کی نعش کو پولیس تلاش کررہی ہے۔ ممتا نے یہ انتہائی اقدام اس وقت کیا جب وہ شوہر سے جھگڑا کرنے کے بعد گھر سے چلی گئی تھی۔ ممتا ماٹوگوڑہ گارڈن کے ساکن راجو کی بیوی تھی۔ راجو اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ زندگی بسر کررہا تھا۔ گزشتہ روز ممتا اور راجو کے درمیان جھگڑا ہوا اور اس جھگڑے کے بعد ممتا گھر سے نکل گئی اور سمن کرتی علاقہ پہنچی اور سمن کرتی میں واقع ایک زرعی باؤلی میں دو بچوں کے ساتھ چھلانگ لگادی۔ ممتا کے اچانک لاپتہ ہونے پر اس کی تلاش کی جارہی تھی۔ع