دوحہ ۔ فیفا ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد جب فاتح ٹیم ارجنٹیناکے کپتان لیونل میسی کو قطر کے امیر نے کالا اور سنہری چوغہ پہنایا تو اس وقت وہاں موجود احمد السلیم شائقین میں کچھ زیادہ ہی پرجوش دکھائی دیئے۔ اے ایف پی کے مطابق ارجنٹینا کے کپتان کو پہنائے جانے والے گاون کو بشت کہتے ہیں اور اس کی قیمت دو ہزار دو سو ڈالر ہے۔ یہ ایک روایتی عرب لباس ہے جس کو مرد اپنی شادی، گریجویشن یا پھر سرکاری تقاریب کے موقع پر پہنتے ہیں۔ ورلڈ کپ ٹرافی لیتے وقت میسی کو یہ لباس پہنایا گیا تھا جس کے بعد سے اس کی مقبولیت میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے اور دکانات کے سامنے بشت کے حصول کیلئے عوام کا ہجوم دکھا جارہاہے ۔