میدک۔25 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)میلاد النبیؐ کے سلسلہ میں 26 اگست کو منعقد ہونے والی تقاریب اور جلوسوں کے پیش نظر پولیس کو سخت حفاظتی انتظامات کرنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس سائبرآباد ٹریفک و زون۔III اور راجنا سرسلہ، کریم نگر کے انچارج ڈی آئی جی سن پریت سنگھ، آئی پی ایس نے اس سلسلہ میں پولیس عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔پیر کے روز کریم نگر، سدی پیٹ، راجنا سرسلہ، کاماریڈی اور میدک اضلاع کے پولیس عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس منعقد کرتے ہوئے میلادالنبیؐ کے انتظامات اور امن و امان کی برقراری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جشن میلاد النبیؐ کے تحت منعقد ہونے والی تقاریب، جلوسوں اور دیگر پروگراموں کو مکمل طور پر پْرامن ماحول میں منعقد کرنے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جائیں۔سن پریت سنگھ، آئی پی ایس نے تمام ایس آئیز اور سرکل انسپکٹرس کو ہدایت دی کہ میلادالنبیؐ کی تقاریب، جلوسوں اور دیگر احتجاجی پروگراموں کو پْرامن اور محفوظ ماحول میں منعقد کرنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنے کے لیے جاری کردہ تمام ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔