100 ایکر اراضی پر بین الاقوامی سطح کا میٹرو ہب قائم کیا جائیگا: این وی ایس ریڈی
حیدرآباد۔/9 جنوری، ( سیاست نیوز) میٹر و ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے کہا کہ پہلے مرحلے کے میٹرو ریل پراجکٹ کیلئے ضرورت کے مطابق نئے کوچس متعارف کرائے جائیں گے۔ انہیں دستیاب کرانے کیلئے 18 ماہ کا وقت لگے گا۔ تب تک موجودہ ٹرینوں کو بھیڑ زیادہ رہنے والے کوریڈور میں زیادہ ٹرپس چلائی جائیں گی۔ ریاستی حکومت کے تعاون سے روز 10 لاکھ مسافرین کے سفر کرنے کی سہولت فراہم کرنے کی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کوچس خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایم جی بی ایس میٹرو ریل انٹر چیلنج اسٹیشن میں ’’ میری میٹرو میرا وقت ‘‘ کے تین روزہ میٹرو تشہیر کا آغاز کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ این وی ایس ریڈی نے کہا کہ موجودہ میٹرو کے تمام کوچس ساؤتھ کوریا کے ہنڈائی روٹیم کمپنی نے تیار کیا ہے۔ تاہم ان کوچس کو ہمارے ملک میں تیار کرنے کیلئے تین کمپنیاں دلچسپی دکھا رہی ہیں۔ ان سے ابتدائی مرحلہ کی بات چیت ہوئی ہے۔ فی الحال دونوں ڈپوز میں موجود میٹرو ریل سے ہر دن 7 لاکھ مسافرین سفر کرنے کے امکانات ہیں۔ ناگول، رائے درگم کوریڈور میں سفر کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہے۔ سفری بوجھ کم کرنے کیلئے شارٹ لوپ میں میٹرو ریل چلائی جائے گی اس کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے 50 تا 100 ایکر اراضی پر بین الاقوامی سطح کا میٹرو ہب قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ این وی ایس ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر نے میڑچل راہداری پر ایچ ایم ڈی اے ایلویٹیڈ کوریڈورس ، این ایچ اے آئی چند فلائی اوورس تعمیر کررہی ہے ۔ انہیں مدنظر رکھتے ہوئے جامع حکمت عملی کے ساتھ تعمیر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلہ کے میٹرو ریل کیلئے 5 میٹرو کوریڈورس پر ڈی پی آر تیار کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو پیش کردیا گیا ہے۔ مزید 3کوریڈور سے متعلق ڈی پی آر تیار کرتے ہوئے مرکز سے منظوری حاصل کی جائے گی۔ منظوری حاصل ہوتے ہی اپریل تک ٹنڈرس طلب کرنے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ چیف منسٹر نے پیراڈائیز، میڑچل، جے بی ایس، شاہ میر پیٹ کوریڈورس کو ایک دوسرے سے جوڑتے ہوئے تعمیر کرنے کے دوران میگا جنکشن کا بھی پلان تیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔2