والدین چوکنا ہوجائیں ، بچوں کا داخلہ کرانے سے پہلے ویب سائیٹ پر اسکول کی منظوری چیک کریں
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں تعلیمی سال 2026-27 کے لیے اسکولس میں داخلوں کا عمل باقاعدہ شروع ہوگیا ہے ۔ سرکاری و خانگی دونوں شعبوں کے اسکولس نے اپنے تعلیمی اداروں میں نئے طلبہ کے داخلوں پر توجہ مرکوز کردی ہے ۔ جب کہ والدین اپنے بچوں کے لیے معیاری تعلیم قریبی علاقوں کے تعلیمی اداروں کی تلاشی میں ہیں ۔ ہر سال داخلوں کے موقع پر والدین کے لیے سب سے بڑی مشکل یہ جاننا ہوتا ہے کہ کونسا اسکول حکومت سے منظور شدہ اور کس اسکول بغیر اجازت چلایا جارہا ہے ۔ اس اہم مسئلے کو حل کرتے ہوئے محکمہ اسکولی تعلیم نے والدین کو ایک بڑی سہولت فراہم کی ہے ۔ حکومت تلنگانہ نے ریاست کے تمام تسلیم شدہ خانگی اسکولس کی فہرست ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی ہے ۔ اس فہرست میں درج ذیل بورڈس سے وابستہ اسکولس کی تفصیلات ضلع اور منڈل کی سطح پر دستیاب ہے جس میں اسٹیٹ بورڈ ، سی بی ایس ای ، آئی سی ایس ای ، آئی بی اور دیگر بورڈس شامل ہیں ۔ محکمہ تعلیم نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی اسکول میں داخلے سے قبل ان مراحل کے ذریعہ اسکول کی قانونی حیثیت کی جانچ کرلیں ۔ سب سے پہلے محکمہ اسکولی تعلیم کی آفیشل ویب سائٹ schooledu.Telangana.gov.in پر جائیں ۔ ہوم پیج پر موجود آپشن List of private recognized schools in the state پر کلک کریں ۔ اپنے متعلقہ ضلع اور منڈل کا انتخاب کریں ۔ اسکرین پر اسکول کا نام ۔ سال قیام ۔ تعلیمی نصابی (Board) اور مکمل پتہ ظاہر ہوجائے گا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ جلد ہی ویب سائٹ پر یہ تفصیلات بھی فراہم کردی جائیں گی کہ کس اسکول کو دی گئی ۔ منظوری کی مدت (Validity) کب تک ہے ۔ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس فہرست کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ہی اپنے بچوں کا داخلہ یقینی بنائیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جاسکے۔2/a/y/b