نریندر مودی کے ہاتھوں چرلہ پلی ریلوے اسٹیشن کا ورچول افتتاح

   

حکومت ہند سے ریلوے لائن کو ایک ہزار کیلو میٹر تک توسیع ، وزیراعظم کا خطاب ، چیف منسٹر ریونت ریڈی و دیگر کی شرکت
حیدرآباد۔ 6۔جنوری(سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی نے آج چرلہ پلی ریلوے اسٹیشن کی تعمیر نو کے بعد اس کا ورچول افتتاح انجام دیا اور اس موقع پر وزیر اعظم نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ حکومت ہند نے ریلوے لائن کو 1000 کیلو میٹر تک کی توسیع دی ہے اور آئندہ اس توسیع کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔مسٹر نریندر مودی نے کہا کہ مرکز نے ریلوے پراجکٹس کے آغاز کے ذریعہ جموں کشمیر ‘ اوڈیشہ اور تلنگانہ میں ریلوے لائن کو توسیع دینے کے علاوہ نئی لائنوں کو مربوط کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے کے 35 فیصد الکٹرفیکیشن کو مکمل کیا جاچکا ہے اور جلد ہی مابقی ٹرینوں کو الکٹرک سے مربوط کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اس ریلوے اسٹیشن کا 28 ڈسمبر 2024کو افتتاح کیا جانا تھا لیکن سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال پر اعلان کردہ سوگ کے نتیجہ میں اس تقریب کو ملتوی کیا گیا تھا ۔ ورچول افتتاح کی اس تقریب میں چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر اے ریونت ریڈی ‘ مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی مسٹر جی کشن ریڈی ‘ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ مسٹر بنڈی سنجے کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے علاوہ ریلوے نظام کو توسیع دیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ شہروں میں سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تیز رفتار ٹرین جیسے وندے بھارت کے آغاز کے ذریعہ ریلوے کو ترقی دینے کے اقدامات کو یقینی بنایا جانے لگا ہے۔ مسٹر نریندر مودی نے کہا کہ چرلہ پلی ریلوے ٹرمینلس کے افتتاح کے بعد اب کاچی گوڑہ اور سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر عائد ہونے والے بوجھ میں کمی ریکارڈ کی جائے گی۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے اس ورچول افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ ریجنل رنگ روڈ کے طرز پر ریجنل رنگ ریل کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر مرکزی حکومت کی جانب سے اس منصوبہ کو منظوری فراہم کی جاتی ہے تو تلنگانہ میں ریلوے کی ترقی میں یہ ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور حکومت اس پیشرفت کے ذریعہ ریاست کی جامع ترقی کو یقینی بناسکتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے ریاست تلنگانہ میں ڈرائی پورٹ کی منظوری کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر مرکزی حکومت کی جانب سے تلنگانہ میں ڈرائی پورٹ کے قیام کا فیصلہ کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں ریاست ملک کی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے۔ مسٹر اے ریونت ریڈی نے شہر حیدرآبادمیں میٹرو ریل کے توسیعی کاموں کی منظوری کی خواہش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پراجکٹ رپورٹ مرکزی حکومت کے پاس زیر التواء ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے کہا کہ مرکزی حکومت نے 5ٹریلین کی معیشت کا جو نشانہ مقرر کیا ہے اس کی تکمیل میں ریاستی حکومت تلنگانہ اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔انہو ں نے کہا کہ ریاستوں اور ملک کی ترقی میں ریلوے انفراسٹرکچر کی ترقی کا اہم کردار ہوتا ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے چرلہ پلی ریلوے اسٹیشن کو ٹرمینل کے طرز پر ترقی دیئے جانے پر وہ مرکز کے مشکور ہیں۔انہو ںنے بندر پورٹ اور حیدرآباد کے درمیان راست ریلوے لائن کی تعمیر کی خواہش کی تاکہ مال بردار گاڑیوں کو چلایا جاسکے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ وقار آباد تا کرشنا نئی ریلوے لائن کے علاوہ کلواکرتی تا ماچرلہ کے درمیان نئی لائن کے علاوہ دورناکل سے مزید دو نئی لائنوں کی تعمیر میں مدد کی خواہش کی۔مرکزی حکومت سے کی گئی اپیلوں کے سلسلہ میں چیف منسٹر نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ جات سے نمائندگیاں کرچکے ہیں اور انہیں امید ہے کہ ریاستی حکومت تلنگانہ کی جانب سے کی جانے والی نمائندگیوں پر مرکزی حکومت کی جانب سے ہمدردانہ غور کرتے ہوئے پراجکٹس کو منظوری فراہم کی جائے گی۔3