مختلف محکموں کے این او سی اور حفاظتی اقدامات پر فیصلہ
حیدرآباد ۔ 31 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے بالآخر نمائش 2020 کے انعقاد کے لئے اجازت دے دی۔ مختلف محکمہ جات کی جانب سے جاری کئے گئے نو آبجکشن سرٹیفکٹ (این او سی) اور جی ایچ ایم سی و محکمہ فائر کے فیلڈ رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد عدالت نے نمائش کے انعقاد کیلئے ہری جھنڈی دکھادی ہے ۔ سال 2019 جنوری میں نمائش کے دوران مہب آتشزدگی کے واقعہ کے بعد شہر کے ایک وکیل نے گزشتہ سال مفاد عامہ کے تحت ایک درخواست داخل کی تھی جس کی چیف جسٹس ہائی کورٹ نے سماعت کی ۔ عدالت کی ہدایت پر نمائش سوسائٹی نے عوام کی سلامتی اور تحفظ کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں جس کے تحت لاکھوں لیٹر کے واٹر سمپ، زیر زمین برقی کیبل کی تنصیب اور ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایکشن پلان بھی تیار کیا۔ محکمہ پولیس ، جی ایچ ایم سی ، محکمہ برقی اور محکمہ فائر کے عہدیداروں نے احتیاطی اقدامات کا تفصیلی معائنہ کرنے کے بعد نمائش سوسائٹی کو این او سی جاری کیا تھا لیکن کل عدالت نے این او سیز کی اجرائی پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے محکمہ جات کے تمام فیلڈ رپورٹ طلب کئے تھے۔ عدالت نے آج صبح ساڑھے دس بجے مفاد عامہ کے درخواست گزار ایڈوکیٹ خواجہ اعجاز الدین اور تلنگانہ حکومت کے ایڈوکیٹ جنرل کے مباحث کے بعد نمائش چلانے کی اجازت دے دی ہے اور اسٹالس لگانے کیلئے کئی رہنمایانہ خطوط بھی جاری کئے ہیں۔