سال 2020-23 میں 10 لاکھ ویزوں کی اجرائی کا امکان، جنیفر لارسن قونصل جنرل کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/19 اپریل، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں نو تعمیر شدہ امریکی قونصل خانہ ساؤتھ ایشیا کا سب سے بڑا امریکی قونصل خانہ ہے اور اس کے ذریعہ ویزا کی اجرائی میں مزید آسانیاں ہوں گی۔ قونصل جنرل جنیفر لارسن نے نئے قونصل خانہ میں پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان امریکی ویزا کے حصول میں سرفہرست ہے اور اس میں 65 فیصد جاب ویزا شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سال 2020-23 میں امریکی مشن کے ذریعہ 10 لاکھ ویزا جاری کئے جانے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ پائیگاہ پیالیس بیگم پیٹ میں کام کرنے والا قونصل خانہ نانک رام گوڑہ میں تعمیر کئے گئے قونصل خانہ منتقل ہوگیا ہے اور یہاں سے امریکی شہریوں کے پاسپورٹس اور دیگر دستاویزات کی اجرائی کے علاوہ ہندوستانیوں کیلئے ویزا مختلف زمروں کے ویزا بڑے پیمانے پر جاری کئے جائیں گے۔ اس موقع پر جنیفر لارسن نے کہا کہ حیدرآباد قونصل خانہ تلنگانہ، آندھرا پردیش اور اڈیشہ ریاستوں کا احاطہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد جو تیزی سے ترقی کرنے والا شہر ہے میں سب سے بڑے قونصل خانہ کی تعمیر ایک تاریخی فیصلہ ہے اور اس سے ہند۔ امریکی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ قونصل جنرل نے کہا کہ کورونا وباء کے نتیجہ میں ویزا کی اجرائی کیلئے اپواینٹمنٹ کیلئے طویل وقفہ ہورہا تھا لیکن امریکی قونصل خانہ اس وقت کو کم کرنے کیلئے سنجیدگی سے کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی قونصل خانہ سے سینکڑوں ویزا بالخصوص اسٹوڈنٹس ویزا زیادہ تعداد میں جاری کئے جاتے ہیں۔ قونصل خانہ میں قونصلر آفیسرس کے مزید تقررات سے ویزا کی اجرائی کے عمل میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔ امریکی حکومت ہندوستانی حکومت کے ساتھ باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے ہمیشہ سنجیدہ رہی ہے اور قونصل خانہ سیاسی، سیول سوسائٹی، این جی اوز، جہد کار، مذہبی رہنماؤں، اساتذہ اور دانشوروں سے بہتر تعلقات قائم رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کی جانب سے اسپانسر کئے جانے والے ایکسچینج پروگرام اور فل برائیٹ پروگرام منعقد ہوتے ہیں۔ اس پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قونصلر چیف ریبیکا نے واقف کروایا کہ پائیگاہ پیالیس میں روزانہ کی اساس پر 1100 ویزا کی درخواستوں کی جانچ کی جاتی تھی جبکہ نئے قونصل خانہ کے ذریعہ 3500 تک درخواستیں بشمول امریکی شہریوں کے پاسپورٹ کی درخواستوں کی جانچ کی جائے گی۔ ریبیکا نے کہا کہ امریکی ویزا کے رینیول کیلئے ڈراپ باکس کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں جبکہ پہلی مرتبہ ویزا حاصل کرنے والے افراد کو شخصی طور پر انٹرویو کیلئے امریکی قونصل خانہ پہنچنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹوڈنٹس ویزا کی اجرائی قونصل خانہ کی اولین ترجیح ہے اور اس کے لئے سرچ ڈے کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پائیگا پیالیس کے قونصل خانہ کے تقابل سے نانک رام گوڑہ میں قائم کئے گئے قونصل خانہ میں قونصلر آفیسرس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا اور اس کے لئے واشنگٹن اور نئی دہلی سے تربیت فراہم کی جارہی ہے۔اس موقع پر پبلک افیرس آفیسر ڈیویڈ موئیر نے کہا کہ نوتعمیر شدہ امریکی قونصل خانہ 12 ایکر پر محیط ہے جس میں امریکی شہریوں کے علاوہ ہندوستانیوں کیلئے بھی کئی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ اس قونصل خانہ کی تعمیر میں 1000 سے زائد امریکی، ہندوستانی اور بین الاقوامی آرکیٹیکٹس اور بلڈرس نے حصہ لیا۔ب