حیدرآباد ۔ 9 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے نوجوانوں کو آئندہ چھ ماہ تک سوشیل میڈیا سے دوری اختیار کرتے ہوئے محنت اور لگن سے تیاری کرتے ہوئے ملازمتیں حاصل کرنے پر زور دیا ۔ شہر محبوب نگر ایکسپو پلازا میں شانتا نارائن گوڑ ٹرسٹ کے زیر اہتمام وزیر سرینواس گوڑ کی جانب سے اہتمام کردہ مفت کوچنگ سنٹر میں کے ٹی آر نے اسٹیڈی میٹریل تقسیم کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر وزیر اکسائز سرینواس گوڑ ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ ایم سرینواس ریڈی گورنمنٹ وہپ جی بالراج ، ارکان اسمبلی لکشما ریڈی ، اے وینکٹیشور ریڈی ، پی نریندر ریڈی صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن اسحاق امتیاز کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ کے ٹی آر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر سرینواس گوڑ کی قیادت میں شہر محبوب نگر تیزی سے ترقی کررہا ہے ۔ محبوب نگر کی ترقی کے لیے محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے مزید فنڈز جاری کئے جائیں گے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے چیف منسٹر کے سی آر نے 90 ہزار جائیدادوں پر تقررات کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ نوجوان اس سے بھر پور استفادہ کریں ۔ آئندہ چھ ماہ تک سوشیل میڈیا سے دور رہیں محنت لگن اور جستجو سے تیاری کریں اور ملازمتیں حاصل کریں ۔۔ ن