نڈال سخت مقابلے کے بعد سیمی فائنل میں داخل

   

میلبورن۔ اپنی افسانوی لڑائی اور ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے پیٹ کی تکلیف پر قابو پاکر ڈینس شاپووالوف کو پانچ سٹوں پر مشتمل کوارٹر فائنل میں کامیابی حاصل کی اور منگل کو یہاں 2022 کے آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔اپنے 14ویں میلبورن کوارٹر فائنل میں کھیلتے ہوئے نڈال نے اپنے ساتویں سیمی فائنل میں رسائی سے قبل چارگھنٹے اور سات منٹ میں کینیڈا کے شاپووالوف کو 6-3، 6-4، 4-6، 3-6، 6-3 سے شکست دی۔کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے نڈال نے کہا مقابلے کے دوران میں مکمل طور پر تھک چکا تھا اور اب جمعہ کو دوبارہ میدان میں جانے سے پہلے مکمل دو دن کا انتہائی اہم آرام کریں گے۔ نڈال جوکہ ریکارڈ 21 ویں گرانڈ سلام کے حصول کے لیے کوشاں ہے اور اب دوسرے آسٹریلین اوپن مینز سنگلز خطاب سے دو فتوحات دور ہے جیسا کہ انہوں نے 2009 میں یہاں خطاب حاصل کیا تھا۔ اس مقابلے میں نڈال کو نہ صرف حریف سے مقابلہ کرنا پڑا بلکہ انہیں پیٹ کی تکلیف سے بھی پریشانی کا سامنا رہا جس کیلئے انہوں نے 5 ویں اور فیصلہ کن سٹ سے قبل ادویات کا استعمال بھی کیا۔