ملبورن: اسپین کے رافیل نڈال نے ہفتہ کو کہا کہ وہ چوٹ اور بیماری سے صحت یاب ہونے کے بعد خوش ہیں اور آسٹریلین اوپن میں کھیلنے کے تعلق سے پُرجوش ہیں۔ وہ ریکارڈ 21ویں گرانڈ سلام خطاب جیتنے کیلئے میدان سنبھالیں گے ۔ تقریباً چارماہ بعد پیر کو چوٹ کی پریشانی سے اُبھرنے کے بعد 35سالہ اسپینی اسٹار نے گزشتہ ہفتے ملبورن میں اے ٹی پی 250 ٹیون اپ ایونٹ میں اپنا 89 واں کیریئر خطاب جیتا۔ 2009 میں آسٹریلین اوپن جیتنے والے نڈال کی آئندہ آسٹریلین اوپن کیلئے تیاریاں گزشتہ ماہ اس وقت متاثر ہوئیں جب وہ ابوظہبی میں ایک نمائشی ٹورنمنٹ کے بعد کورونا ٹسٹ میں مثبت پائے گئے تھے۔ نڈال کچھ دنوں تک کافی بیمار رہے ، وہ 2022میں جلد ہی ٹینس کھیلناچاہتے تھے ۔ نڈال نے نامہ نگاروں سے کہا کہ میں یہاں واپسی کے واضح مقصد کے ساتھ آیا ہوں۔