تل ابیب۔5؍نومبر( ایجنسیز)اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے امکانات مزید کم ہو گئے ہیں۔ ان کی اتحادی مذہبی جماعت یونائیٹڈ توراہ جوڈازم نے وزیراعظم کے عہدے کیلئے کسی بھی امیدوار کی حمایت سے انکار کر دیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق 7 نشستوں پر مشتمل جماعت کے دونوں گروپس نے صدر سے مشاورت کے دوران کسی امیدوار کی سفارش نہیں کی۔ جماعت کے مذہبی رہنماؤں نے بھی کسی امیدوار کی حمایت نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔جماعت نے واضح کیا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی حکومت کی حمایت قدامت پسند مذہبی طلبہ کو لازمی فوجی سروس سے استثنیٰ دینے کا قانون منظور کرنے سے مشروط ہوگی۔ نیتن یاہو اتحاد کو 53، اپوزیشن جماعتوں کو 67 نشستیں ملنے کی تصدیق، انتخابی نتائج اسرائیلی صدر کو موصول۔یونائیٹڈ توراہ جوڈازم اس قانون کی منظوری نہ ہونے پر نیتن یاہو سے ناراض ہے۔دوسری جانب عرب جماعت رام کے 8 ارکان نے گاڈی آئزن کوٹ کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد یاشار جماعت کے رہنما آئزن کوٹ کو 56 قانون سازوں کی حمایت حاصل ہو گئی ہے جبکہ نیتن یاہو کے حق میں 46 ارکان نے سفارش کی ہے۔