ولیمسن کی ٹیم نے انگلینڈ میں منعقدہ فائنل کے محفوظ دن 8 وکٹ سے فتح حاصل کی
ساؤتھمپٹن : نیوزی لینڈ نے آج انڈیا کو شکست دے کر افتتاحی ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ جیت لی ہے۔ انگلینڈ کے ساؤتھمپٹن میں منعقدہ فائنل میں کین ولیمسن زیرقیادت کیویز نے ویراٹ کوہلی کی ٹیم انڈیا کو 8 وکٹ سے ہرایا۔ نیوزی لینڈ کے پیس بولر کائل جیمیسن کو پہلی اننگز کی شاندار بولنگ (5/31) اور فائنل میں مجموعی طور پر 7 وکٹیں لینے پر ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ دیا گیا۔ یہ فائنل ابتدا میں پانچ روزہ طے کیا گیا تھا لیکن پہلا اور چوتھا دن بارش کی نذر ہوجانے پر دونوں ٹیموں نے ریزرو ڈے کو استعمال کرنے سے اتفاق کیا۔ نیوزی لینڈ جس نے کبھی روایتی ورلڈ کپ (ونڈے کرکٹ) نہیں جیتا ہے، وہ چہارشنبہ کو فائنل کے آخری روز 140/2 کے اسکور پر تاریخی فتح درج کرانے میں کامیاب ہوگیا۔ کپتان ولیمسن 52 پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمن راس ٹیلر (47*) نے وننگ باؤنڈری محمد سمیع (4/76 اور 0/31) کی گیند پر لگائی۔ ولیمسن نے ٹاس جیت کر ہندوستانی ٹیم سے پہلے بیٹنگ کرائی تھی۔ ویراٹ کے بشمول سارے بیٹسمنوں نے دونوں اننگز میں مایوس کیا۔ فائنل میں ویراٹ نے 44 اور 13 رنز بنائے جبکہ روہت شرما کے اسکورس 34 اور 30 رہے۔ انڈیا نے دو اننگز میں 217 اور 170 آل آؤٹ اسکور کئے۔ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں اوپنر ڈیوان کانوے کے 54 اور ولیمسن کے 49 رنز کے بشمول 249 اسکور کئے تھے۔ چنانچہ کیویز کو جیت کیلئے 139 کا ٹارگٹ ملا جسے انھوں نے 45.5 اوورس میں عبور کرلیا جبکہ آخری نصف گھنٹہ کا کھیل چل رہا تھا۔