ٹرمپ ‘ جن پنگ اور پوٹن کی تاریخی سہ فریقی ملاقات۔ مشترکہ اعلامیہ کی اجرائی
بیجنگ 19 نومبر ( ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ‘ چین کے صدر ژی جن پنگ اور روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کی آج چین کے شہر شینزین میں تاریخی سہ فریقی چوٹی ملاقات ہوئی ۔ اس ملاقات کے تعلق سے کئی مثبت امیدوں کا اظہار کیا جا رہا ہے حالانکہ اس ملاقات میں یوکرین کی جنگ کے خاتمہ اور اریان بحران کے خاتمہ کے علاوہ دیگر عالمی مسائل پر کسی پیشرفت کے آثار فی الحال دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اس سہ فریقی چوٹی کانفرنس کے تعلق سے کہا کہ اس طرح کی ملاقات کا انعقاد بجائے خود ایک بڑی کامیابی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تینوں قائدین اس ملاقات کے ذریعہ تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ چین کے صدر ژی جنگ پن نے اپنی جانب سے یہ واضح کیا کہ بڑے ممالک کو کس طرح سے عالمی امور میں سرگرم رول ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑے ممالک کو ایک دوسرے کی علاقائی سالمیت اور اتحاد کا احترام کرتے ہوئے ذمہ دارانہ اور قائدانہ رول ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کیلئے چیلنج یا حدود کے مسائل پیدا کرنے سے انہیں گریز کرنے کی ضرورت ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ان تینوں قائدین نے موجودہ بین الاقوامی صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لیا اور کہا کہ وہ بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے اپنی جانب سے موثر اقدامات کریں گے ۔ کہا گیا ہے کہ تینوں قائدین کی یہ ملاقات دیڑھ گھنٹے کی رہی جس کے بعد ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا ۔ اس بیان میں کہا گیا کہ نیوکلئیر جنگ جیتی نہیں جاسکتی اور نیوکلئیر جنگ نہیں لڑی جانی چاہئے ۔ بیان میں اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ دنیا کے بڑے ممالک ریفائنڈ پٹرولیم اشیاء کی پیداوار میں اضافہ کریں گے ۔ اس سے قبل ڈونالڈ ٹرمپ کی ژی جن پنگ اور ولادیمیر پوٹن کے ساتھ باہمی ملاقاتیں بھی ہوئی تھیں۔ اس چوٹی ملاقات کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ولادیمیر پوٹن نے یہ دعوی کیا کہ یوکرین اور یوروپی ممالک ابھی یوکرین جنگ ختم کرنے معاہدہ کیلئے تیار نظر نہیں آتے ہیں۔ انہوں نے اس خیال سے اتفاق نہیں کیا کہ روس جارحیت کا مظاہرہ کر رہا ہے ۔