وزراء‘ارکان اسمبلی وکونسل کی 50فیصد تنخواہ روکنے کا فیصلہ

   

موظف وبرسرکار سرکاری ملازمین کے بقایاجات کی اجرائی کیلئے ریاستی کابینہ کا اقدام
ہڑتالی ملازمین سے انتہائی اقدام نہ کرنے کی اپیل‘ملازمین سے جمعہ کوبات چیت کی منظوری

حیدرآباد۔23اپریل (سیاست نیوز) ملک میں ہماچل پردیش کے بعد حکومت تلنگانہ دوسری حکومت بن چکی ہے جو کہ معاشی مسائل اور بحران کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے سخت گیر اقدامات کا آغاز کرچکی ہے۔ ریاستی کابینہ نے آج معاشی بحران سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات اور سرکاری ملازمین کے بقایا جات کی ادائیگی کے سلسلہ میں انتہائی اہم فیصلہ کرتے ہوئے ریاستی وزراء ‘ اراکین اسمبلی اور اراکین قانون ساز کونسل کی 50 فیصد تنخواہوں کی اجرائی کو روکتے ہوئے مؤظف سرکاری ملازمین کے بقایا جات کے علاوہ سرکاری ملازمین کے بقایا جات کی اجرائی کے سلسلہ میں اقداما ت کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی زیر صدارت منعقد ہونے والے ریاستی کابینہ کے 31ویں اجلاس کے دوران کئے گئے فیصلہ کے مطابق ریاستی کابینہ نے وظیفہ یابان کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے 100یوم کا منصوبہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ریاستی حکومت کے باقاعدہ ملازمین کے بقایاجات مجموعی طور پر 6200 کروڑ ہیں جبکہ وظیفہ یابان کو جملہ 8000 کروڑ کے بقایا جات اداشدنی ہیں۔وظیفہ یابان کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے کابینہ نے وزراء ‘ اراکین اسمبلی و اراکین قانون ساز کونسل کی تنخواہ میں سے 50 فیصد تنخواہ روکتے ہوئے وظیفہ یابان کے بقایا جات جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال سے پیداشدہ صورتحال کا ریاستی کابینہ نے جائزہ لیتے ہوئے ہڑتالی ملازمین سے اپیل کی کہ وہ خودسوزی جیسے انتہائی اقدام سے گریز کریں ریاستی حکومت ان کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ کابینہ کے اجلاس کے دوران ریاستی وزراء نے آرٹی سی ملازمین کے مطالبات اور ان پر عائد ہونے والے اخراجات کے علاوہ آرٹی سی کے ریاستی حکومت میں انضمام کا جائزہ لیا۔ نرسم پیٹ ضلع ورنگل میں آرٹی سی ڈرائیور شنکر گوڑ کی خودسوزی کے متعلق بھی ریاستی کابینہ کے اجلاس کے دوران تبادلہ خیال کیاگیا۔ کابینہ کے اجلا س کے بعد ریاستی وزراء مسٹر پی سرینواس ریڈی ‘ کیپٹن این اتم کمار ریڈی کے علاوہ وی سری ہری نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو ریاستی کابینہ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے متعلق تفصیلات سے واقف کروایا۔
نشہ میں دھت خاتون کی ٹریفک پولیس سے بحث و تکرار
حیدرآباد۔ 23 اپریل (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز میں کل رات حالت نشہ میں ایک خاتون نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کو پریشان کردیا۔ اس علاقہ میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرنک اینڈ ڈرائیو (حالت نشہ میں گاڑی چلانا) کے تحت خصوصی مہم چلائی جارہی تھی۔BJ
جس پر ٹریفک پولیس عملہ نے ایک خاتون کو جو کار چلا رہی تھی، کو روک کر بریتھ انالائزر کے ذریعہ نشہ میں ہونے کا پتہ چلانے کی کوشش کی لیکن اس خاتون نے اپنا ٹسٹ کرائے بغیر ہنگامہ آرائی شروع کردی اور ٹریفک پولیس سے الجھ پڑی۔ خاتون کی ہنگامہ آرائی پر ٹریفک پولیس نے بنجارہ ہلز لا اینڈ آرڈر پولیس کو طلب کرکے اسے حوالے کردیا۔ بعد میں مذکورہ خاتون کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ BJ