پنشن ، ملازمت اور مکان کیلئے درخواستیں، کسانوں کے قرض معافی پر اپوزیشن کے الزامات مسترد
حیدرآباد ۔7۔ اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں ہر ہفتہ دو ریاستی وزراء کی آمد کے پروگرام کے مطابق وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے آج گاندھی بھون میں عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کی سماعت کی ۔ وزیر زراعت نے صبح 11 بجے سے 2 بجے دن تک عوامی مسائل کی سماعت کرتے ہوئے تحریری نمائندگیوں کو حاصل کیا۔ انہوں نے پارٹی ورکرس سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل کی سماعت کی ۔ وزیر زراعت نے عوام کو بھروسہ دلایا کہ ان کے مسائل متعلقہ محکمہ جات سے رجوع کرتے ہوئے یکسوئی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر کی آمد پر بڑی تعداد میں عوام نے گاندھی بھون پہنچ کر اپنے مسائل پیش کئے۔ وزیر کو 95 تحریری نمائندگیاں حوالے کی گئیں جن میں زیادہ تر اراضیات کے مسائل ، ملازمت ، پنشن ، اندراماں انڈلو اور دیگر سرکاری اسکیمات سے متعلق ہیں۔ وزیر زراعت نے بعض نمائندگیوں پر متعلقہ کلکٹرس سے بات چیت کرتے ہوئے یکسوئی کی ہدایت دی۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ہفتہ میں دو وزراء کی گاندھی بھون آمد کا شیڈول تیار کیا ہے ۔ اس پروگرام کے تحت وزیر صحت دامودر راج نرسمہا اور وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی عوامی مسائل کی سماعت کرچکے ہیں۔ وزیر زراعت کی آمد کے موقع پر نائب صدر پردیش کانگریس ونود ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر زراعت نے کہا کہ صدر پردیش کانگریس نے منفرد پروگرام شروع کیا ہے تاکہ پارٹی ہیڈکوارٹر میں ریاستی وزراء سے عوام ملاقات کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پرجا وانی پروگرام کے تحت پرجا بھون میں عوامی نمائندگیاں حصول کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کسانوں کی قرض معافی کے بارے میں اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کردیا۔ وزیر زراعت نے کہا کہ تین مراحل میں 18000 کروڑ کے قرضہ جات معاف کئے گئے جو دو لاکھ روپئے تک کے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا جس میں انہوں نے تلنگانہ حکومت پر قرض معافی میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو تین مراحل میں قرض معافی کی تفصیلات روانہ کردی گئی ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں قرض معافی اسکیم پر عمل کیا جائے گا۔ وزیر زراعت کے مطابق قرض معافی کی تکمیل کے بعد رعیتو بھروسہ اسکیم کی رقم کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کی جائے گی۔ وزیر زراعت نے کہا کہ 10 سالہ اقتدار میں کسانوں کو نظر انداز کرنے والے بی آر ایس قائدین آج کسانوں سے جھوٹی ہمدردی دکھا رہے ہیں ۔ 1