200 سے زائد درخواستوں کا ادخال، ڈبل بیڈروم اور فلاحی اسکیمات کے لیے نمائندگی
حیدرآباد۔5 ۔اگسٹ۔(سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج و دیہی ترقی ڈی انوسویا سیتکا نے آج کانگریس ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں عوامی سماعت پروگرام کے تحت شہر اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد کے مسائل کی سماعت کی۔ ہفتہ میں ایک دن ریاستی وزیر کے ذریعہ عوامی سماعت کے اس پروگرام میں سیتکا نے حصہ لیا۔ سینکڑوںکی تعداد میں عوام نے تحریری طور پر نمائندگی کی۔ حکومت کی فلاحی اسکیمات اور اراضیات کے امور پر وزیر سے نمائندگی کی گئی ۔ 200 سے زائد درخواستیں داخل کی ہیں جن میں ڈبل بیڈروم مکانات ، مندروں کی ترقی ، وقف اراضیات کے تحفظ اور معمرین کے وظائف سے متعلق درخواستیں پیش کی گئی۔ سیتکا نے ریونیو سے متعلق مسائل کو عہدیداروں سے رجوع کرنے کا تیقن دیا۔ آنگن واڑی ورکرس اور مراکز کے مسائل کی یکسوئی کا تیقن دیا۔ انہوں نے کلکٹر محبوب آباد ، کمشنر جی ایچ ایم سی اور دیگر عہدیداروں سے ٹیلیفون پر ربط قائم کرتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کی ہدایت دی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سیتکا نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کو سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے سے بچانے کیلئے گاندھی بھون میں عوامی سماعت پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد حاصل کرنا حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔ ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ نئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پنچایت راج کے تحت آنگن واڑی سنٹرس میں بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہے۔1/k/m/b