سرکاری دواخانوں میں بہتر علاج کی سہولتوں کی ہدایت
حیدرآباد ۔22۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے آج سکریٹریٹ میں میڈیکل اینڈ ہیلت اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں سکریٹری ہیلت کرسٹینا چنگٹو، ڈائرکٹر ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر آر وی کرنن اور ویدیا ودھا پریشد کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ریاست میں کورونا کے نئے ویرینٹ سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حیدرآباد کے بڑے سرکاری دواخانوں میں کورونا کے نئے ویرینٹ کے علاج کے لئے انتظامات کئے گئے ہیں۔ مریضوں کی تعداد میں اضافہ کی صورت میں علحدہ بلاک قائم کیا گیا ہے۔ عوام کو احتیاطی تدابیر سے واقف کرانے کیلئے شعور بیداری مہم چلائی جائے گی۔ دامودر راج نرسمہا نے ریاست کے تمام سرکاری دواخانوں میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ عہدیداروں میں ضلع اور ایریا ہاسپٹلس میں موجود سہولتوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے راجیو آروگیہ شری کے تحت غریبوں کو مفت علاج کیلئے 10 لاکھ روپئے تک کی حد میں اضافہ کیا ہے۔ وزیر صحت نے راجیو آروگیہ شری اسکیم پر موثر عمل آوری کی ہدایت دی۔ دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں عوام کو کارپوریٹ طرز کی سہولتیں فراہم کی جائیں تاکہ کارکردگی بہتر ہو۔ انہوں نے کورونا کے نئے ویرینٹ سے نمٹنے کیلئے موثر تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی۔ عہدیداروں نے کہا کہ نئے ویرینٹ کے بارے میں عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ر