ارکان کی درکار تعداد موجود نہیں ، آئندہ تاریخ کا متعاقب اعلان
حیدرآباد۔28۔نومبر(سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کا 2 سال کے وقفہ کے بعد منعقد ہونے والا اجلاس اراکین بورڈ کی درکار تعداد کی عدم شرکت کے نتیجہ میں ملتوی کردیا گیا ہے اور آئندہ اجلاس کے انعقاد کے سلسلہ میں متعاقب اعلان کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ جناب سید عظمت اللہ حسینی کی زیر صدارت محکمہ اقلیتی بہبود کی اجازت کے بعد طلب کئے گئے اجلاس میں صدرنشین وقف بورڈ کے علاوہ مولانا سیدشاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ‘ مولانا سید شاہ ابولفتح بندگی پاشاہ قادری ‘ مولانا سید نثار حسین حیدر آغا‘ موجود رہے جبکہ مدعو اراکین میں جناب ملک معتصم خان اور محترمہ عائشہ مسرت خانم اجلاس میں شرکت کے لئے نہیں پہنچے ۔ حکومت تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود نے تلنگانہ وقف بورڈ کے چیف اکزیکٹیو آفیسر کے عہدہ پر غیرمجاز عہدیدار کی برقراری کے لئے بورڈ کی کارکردگی کو جس انداز میں ٹھپ کرنے کے علاوہ بورڈ کے وجود سے متعلق جو شبہات پیدا کئے ہیں اس کے نتیجہ میں آج تلنگانہ وقف بورڈ کا اہم اجلاس جو کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی مداخلت سے منعقد ہورہا تھا منعقد نہیں ہوپایا۔ اجلاس میں بورڈ کے ذمہ داروں نے درگاہ حضرت سید شاہ مخدوم بیابانی ؒ کے تحت موجود 1264 ایکڑ اراضی میں 1248 ایکڑ اراضی تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن لمیٹڈ کے حوالہ کرنے سے متعلق تبادلہ خیال و مشاورت کو ایجنڈہ میں شامل کیاتھا۔ ذرائع کے مطابق حکومت کے محکمہ مال نے اس موقوفہ جائیداد کو حاصل کرنے کے لئے قیمت کے تعین کے ذریعہ اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی تھی اور اس اعلامیہ کی اجرائی کے باوجود وقف بورڈ نے اجلاس منعقد کرنے کی اجازت نہ دیئے جانے کے نتیجہ میں اس اراضی کی قیمت کے متعلق کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا تھا لیکن گذشتہ دنوں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے بورڈ کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے TGIIC کو مذکورہ اراضی کی حوالگی یقینی بنانے کی ہدایت دی تھی جس پر پرنسپل سیکریٹری جناب احمد ندیم آئی اے ایس نے قانونی امور کا جائزہ لیتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود کے ناعاقبت اندیش عہدیداروں کی جانب سے جاری کئے گئے ’’میمو‘‘ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے تلنگانہ وقف بورڈ کا اجلاس منعقد کرنے کی راہ ہموار کی تھی اور 28 نومبر کو سہ پہر 3بجے اجلاس منعقد کرنے کے سلسلہ میں بورڈ کے موجودہ اراکین کو مدعو کرنے کہاگیا اور انہیں ایجنڈہ بھی روانہ کردیا گیا تھا لیکن اجلاس میں 2اراکین کم ہونے کے سبب ’کورم‘ نہ ہونے کی بناء پر بورڈ کے اجلاس کو ملتوی کردیاگیااور موجودہ بورڈ کے ایجنڈہ کو آئندہ اجلاس میں پیش کرتے ہوئے اسے منظور کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ وقف بورڈ کو تباہی کے دہانے پر پہنچاتے ہوئے وقف جائیدادوں کو تباہ کرنے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات دراصل محکمہ اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیداروںکی بورڈ کے امور میں مداخلت بیجا کا نتیجہ ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہا تو ایسی صورت میں وقف بورڈ کی بے شمار جائیدادوں کو جو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کی گئی اس پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا۔3