ٹاڈا عدالت میں محبوبہ مفتی کی بہن روبیہ سعیدکی پیشی

   

جموں : سابق چیف منسٹر جموں وکشمیرمفتی محمد سعید کی بیٹی اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی کی بہن روبیہ سعید چہارشنبہ کوجموں کی ٹاڈا عدالت میں اغوا کیس میں پیش ہوئیں۔ عدالت نے روبیہ کو 1989 میں ان کے اغوا سے متعلق کیس کے سلسلے میں جرح کیلئے حاضر ہونے کو کہا تھا۔سی بی آئی کی وکیل مونیکا کوہلی نے بتایا کہ روبیہ سعید کو آج جموں کی ٹاڈا عدالت میں پیش کیا گیا۔ روبیہ سے باقی ملزمان کے ساتھ جرح کی گئی ہے۔ اب دہشت گرد اور ممنوعہ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ یٰسین ملک سے ابھی تک جرح ہونا باقی ہے۔یٰسین ملک کو 20 اکتوبر کو دوبارہ جرح کیلئے بلایا جائے گا۔عدالت نے یٰسین ملک کو تہاڑ جیل سے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ روبیہ سعید کو 1989 میں اغوا کیا گیا تھا۔ پھر دہشت گردوں نے روبیہ کی رہائی کے لیے 5 دہشت گردوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ بعد ازاں حکومت نے دہشت گردوں کو رہا کر دیا جس کے بعد دہشت گردوں نے روبیہ کو بھی رہا کر دیا۔سی بی آئی اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ یہ معاملہ اب ٹاڈا کورٹ میں ہے۔ یٰسین ملک پر فضائیہ کے 5 اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ بھی درج ہے۔یاسین ملک کو دہشت گردی کی فنڈنگ کیس میں دہلی کی خصوصی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی ہے۔