ٹرمپ کی صدارت خطرے میں؟ مواخذے کیلئے ڈیموکریٹس کو مزید 13 ووٹ درکار

,

   

واشنگٹن۔5؍نومبر ( ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مواخذہ اور انہیں عہدہ سے ہٹانے کیلئے ڈیموکریٹک پارٹی کو سینیٹ میں مزید 13 ارکان کی حمایت حاصل کرنا ہوگی۔ موجودہ اعداد و شمار کے مطابق ڈیموکریٹس کے پاس 54 نشستیں ہیں تاہم صدر کو عہدہ سے ہٹانے کیلئے سینیٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے۔امریکی سینیٹ 100 ارکان پر مشتمل ہے۔ اگر مواخذے کی کارروائی میں تمام سینیٹرز ووٹ ڈالیں تو ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے کم از کم 67 ووٹ درکار ہوں گے۔ اس صورت میں اگر ڈیموکریٹک پارٹی کے تمام 54 ارکان مواخذے کے حق میں ووٹ دیں تو اسے مزید 13 سینیٹرز کی حمایت حاصل کرنا ہوگی۔ امریکی آئینی نظام کے تحت سینیٹ میں سادہ اکثریت حاصل کرنا صدر کو عہدہ سے ہٹانے کیلئے کافی نہیں۔ مواخذے کے معاملہ میں ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ کا کردار الگ الگ ہے۔ایوانِ نمائندگان صدر کے خلاف مواخذہ کی کارروائی شروع کرکے الزامات کی منظوری دیتا ہے جبکہ سینیٹ میں مقدمے کی سماعت کے بعد صدر کو مجرم قرار دینے اور عہدے سے ہٹانے کیلئے موجود ارکان کے دو تہائی ووٹ درکار ہوتے ہیں۔
اگر تمام 100 سینیٹرز موجود ہوں تو یہ تعداد 67 بنتی ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق ڈیموکریٹس کی انتخابی کامیابی صدر ٹرمپ کیلئے سیاسی مشکلات بڑھا سکتی ہے خصوصاً ایسی صورت میں جب ایوانِ نمائندگان کا کنٹرول بھی ڈیموکریٹک پارٹی کے پاس آجائے۔ تاہم مواخذہ کی کارروائی اور صدر کو عہدہ سے ہٹانے کیلئے درکار ووٹوں کا حصول الگ الگ مراحل ہیں۔