واشنگٹن : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے تحت سائنسی تحقیق کے بجٹ میں کٹوتیوں نے امریکی سائنسدانوں کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ اس صورت حال سے یورپ اور خاص طور پر جرمنی کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں؟ یونیورسٹی آف کیلیفورنیا میں معاشیات کی پروفیسر الریکے مالمینڈیئر کے مطابق امریکہ کی موجودہ صورتحال جرمنی اور یورپ کیلئے ایک بڑا موقع ہے کہ وہ اعلیٰ سائنسدانوں کو اپنی طرف راغب کریں۔ خاتون پروفیسر مالمینڈیئر نے جمعرات کو جرمنی کے فْنکے میڈیا گروپ سے گفتگو میں کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے سائنسی آزادی اور قابلِ اعتماد مالی امداد کو خطرے میں ڈال دیا ہے، جس سے بہت سے سائنسدان امریکہ چھوڑنے پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسے تاریخی موڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 1930 کی دہائی میں نازی جرمنی سے سائنسدانوں کے انخلاء نے امریکہ کو سائنسی طاقت بنایا تھا کہ اب ہم اس رجحان کو پلٹ سکتے ہیں۔