آخری تاریخ کا تعین ابھی نہیں کیا گیا ۔ عوام کی کثیر تعداد متعلقہ ویب سائیٹ تک رسائی کیلئے سرگرم
حیدرآباد 26 ڈسمبر(سیاست نیوز) حکومت نے ٹریفک چالانات میں رعایت کیلئے جی او آر ٹی نمبر 659 جاری کرکے ریاست کے عوام کو بڑی راحت پہنچانے کے اقدامات کئے ہیں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ و عمارات و شوارع کے ذریعہ جاری کئے گئے احکامات میں کورونا وائرس کے دور میں اور اس کے بعد کئی لوگ ٹریفک چالان بھر نے سے قاصر رہے ہیں اسی لئے انہیں سہولت پہنچانے حکومت سے رعایتی چالان وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ احکامات کے مطابق حکومت کی جانب سے عدم وصول چالانات پر 2 پہیئے اور 3 پہیئے والی گاڑیوں کے چالانات میں 80 فیصد رعایت دی جائے گی جبکہ تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں یعنی بسوں وغیرہ پر موجود چالانات پر 90 فیصد رعایت فراہم کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔موٹر وہیکل ایکٹ1998 کے تحت جن گاڑیوں کا اندراج لائٹ اور ہیوی موٹرس میں ہوتا ہے ان کے بقایا جات کی وصولی میں 60 فیصد رعایت دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ تلنگانہ حکومت کے اس فیصلہ کے ساتھ ہی بھاری تعداد میں چالانات کی رقومات ادا کرنے کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے ۔ حکومت کی جانب سے چالان کی ادائیگی کی آخری تاریخ کا کوئی اعلان نہیں کیاگیا اور کہا جا رہاہے کہ جلد اس کی وضاحت کی جائے گی کہ کس طرح سے رعایتی چالان وصول کئے جائیں گے اور ان چالانات کی وصولی کی آخری تاریخ کیا ہوگی!حکومت کی جانب سے چالان میں رعایت کے اعلان کے ساتھ ہی ٹریفک چالان کی ویب سائٹ پر چالانات کا مشاہدہ کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ چند یوم میں زائداز80 فیصد چالانات کی رقومات وصول ہوجائیں گی کیونکہ حکومت کی جانب سے رعایت کے ساتھ چالان کی وصولی کی کوئی قطعی تاریخ کا اعلان نہیں کیاگیا ہے۔علاوہ ازیں معلوم ہوا ہے کہ حکومت کی جانب سے چالانات میں راحت کے احکام جاری کرنے کے ساتھ ہی کثیر تعداد میں لوگ محکمہ ٹرانسپورٹ کی ویب سائیٹ اور متعلقہ ویب سائیٹ سے رجوع ہونے شروع ہوئے ہیں اور عوام کی کثیر تعداد کی جانب سے ویب سائیٹ تک رسائی کی کوششوں کے دوران یہ سائیٹ کراش ہوگئی اور کہا گیا ہے کہ سرور نے زبردست ٹریفک کی وجہ سے کام کرنا بند کردیا ہے ۔ متعلقہ حکام اس مسئلہ کی یکسوئی کی کوشش کر رہے ہیں ۔ عوام اس سہولت سے استفادہ کرنے بے چین ہیں اس لئے اس ویب سائیٹ پر ٹریفک بڑھ گئی ہے ۔3