فوجی اور بلدی عہدیداروں کی شرکت، پانی کی نکاسی کیلئے پائپ لائن بچھانے کی ہدایت
حیدرآباد۔/2نومبر، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے بلدی نظم و نسق اور فوج کے عہدیداروں کے ساتھ آج بی آر کے بھون میں جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں فوجی علاقہ سے گذرنے والے بلکا پور نالہ کی توسیع اور مرمتی کاموں پر بات چیت کی گئی۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ فوجی علاقہ سے چیک ڈیم کو برخواست کریں اور نئی پائپ لائن بچھائی جائے تاکہ ندیم کالونی اور ٹولی چوکی کے دیگر علاقوں میں جمع ہونے والا بارش کا پانی باآسانی گذر سکے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ بلکا پور نالہ تا ریتی باؤلی اور موسیٰ ندی تک مشترکہ سروے کیا جائے جس میں جی ایچ ایم سی اور فوج کے عہدیدار شامل رہیں۔ چیف سکریٹری نے فوجی علاقہ سے بارش کے پانی کے بہاؤ کو ٹولی چوکی کی جانب موڑنے کیلئے امکانات تلاش کرنے کا مشورہ دیا۔ بلکا پور نالہ کے نتیجہ میں بارش کے موقع پر آبادیوں کا پانی فوجی علاقہ میں داخل ہونے سے دشواریاں پیدا ہورہی ہیں۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار، برگیڈیر سوما شیکھر ڈپٹی جی او سی تلنگانہ ۔ آندھرا سب ایریا، کرنل سدھارتھ نارائن، سنجے جاجو ایڈیشنل سکریٹری ڈیفنس پروڈکشن حکومت ہند، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، انجینئر اِنچیف جی ایچ ایم سی ضیاء الدین، ایڈیشنل کمشنر روی کرن، چیف سٹی پلانر دیویندر ریڈی، چیف انجینئر پراجکٹس کے دیوانند اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ر