حیدرآباد 31 جولائی ( سیاست نیوز ) جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر کے مصروف علاقہ ٹولی چوکی ۔ شیخ پیٹ میںجی نارائنما انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ سائینس کے قریب سائیکلنگ ٹریک کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ شہر کے دوسرے سائیکلنگ ٹریکس کے برخلاف اس ٹریک پر دونوں جانب کنکریٹ کی چھوٹی رکاوٹ بھی بنائی گئی ہے جس سے سائیکل رانوں کی سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے گا ۔ اس سے متصل شجرکاری کی گئی ہے اور سبزہ زار کی وجہ سے سائیکلنگ اور بھی مسحور کن بن سکتی ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ ٹریک 50 میٹر لمبا اور 1.8 میٹر چوڑا ہے اور اسے پائٹ بنیادوں پر بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ خیریت آباد زون میںکئی اور مقامات پر الگ الگ ماڈلس میںسائیکلنگ ٹریکس بنائے جانے کا منصوبہ بھی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میںمختلف مقامات کیلئے ڈیزائین اور ماڈلس کو قطعیت دی جا رہی ہے اور انہیں بنیادوں پر ان ٹریکس کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی ۔ فی الحال جی ایچ ایم سی کے صرف کے بی آر پارک اور پی وی این آر مارگ پر ہی سائیکلنگ ٹریکس ہیں لیکن ان پر حفاظتی حصار تعمیر نہیںکئے گئے ہیں۔