دونوں حکومتیں نوجوانوں کو دھوکہ دے رہی ہے، ایم ایل سی الیکشن کی انتخابی مہم سے خطاب
حیدرآباد: سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی درپردہ مفاہمت کے ذریعہ ریاست میں بیروزگار نوجوانوں کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ دونوں پارٹیاں عوام کے روبرو ایک دوسرے کے خلاف بیانات دے رہی ہیں جبکہ پس پردہ دونوں پارٹیاں متحد ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سی ایل پی لیڈر نے کہا کہ ٹی آر ایس و بی جے پی عوام بالخصوص طلبہ و نوجوانوں کو گمراہ کرنے کیلئے دشمنی کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔ لیبر ڈپارٹمنٹ سے حاصل کردہ اعداد و شمارکے مطابق قومی سطح پر بیروزگاری سطح 21.6 فیصد ہے جبکہ تلنگانہ میں 33.9 فیصد بیروزگاری کی شرح ہے۔ بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ 2019 لوک سبھا انتحابات کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے سالانہ دو کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بجائے عوامی شعبہ کے اداروں کو فروخت کرتے ہوئے بیروزگار کیا جارہا ہے ۔ اسٹارٹ اپ انڈیا اور میک ان انڈیا جیسے نعرے نوجوانوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا سکے۔ مرکزی حکومت نے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گیارنٹی اسکیم کے فنڈس میں 34.5 فیصد کی کمی کردی ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے حکومت سے ایمپلائیمنٹ کیلنڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا جس میں سرکاری محکمہ جات کے مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات پیش کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصہ میں روزگار کی فراہمی سے متعلق مرکز اور ریاست کے دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایم ایل سی انتخابات میں کانگریس امیدواروں کی کامیاب کا دعویٰ کیا اور کہا کہ طلبہ اور نوجوانوں کے علاوہ اساتذہ اور سرکاری ملازمین کے سی آر حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہیں۔