ٹی آر ایس کے 21 ویں یوم تاسیس کے لیے تمام تیاریاں مکمل

   

مندوبین کیلئے 33 اقسام کے پکوان ، 2000 پولیس ملازمین کا بندوبست ، سارے شہر کو گلابی جھنڈیوں سے سجا دیا گیا
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : ٹی آر ایس کے کل منعقد ہونے والے 21 ویں یوم تاسیس کی تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔ ریاست کے تمام اضلاع سے مندوبین شرکت کریں گے جن کے لیے 33 اقسام کے پکوان پکائے جارہے ہیں ۔ سارے شہر کو گلابی جھنڈیوں ، بڑے بڑے کٹ آوٹس سے بھر دیا گیا ہے ۔ 2000 پولیس کی خدمات سے سیکوریٹی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ 300 سی سی کیمرے نصب کئے گئے ہیں ۔ مادھا پور کے ایچ آئی سی سی میں 27 اپریل بروز چہارشنبہ کو ٹی آر ایس پارٹی کا پلینری سیشن منعقد کیا جارہا ہے ۔ جس کی تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔ شہر کے اہم مقامات پر مندوبین کے خیر مقدم کے لیے بڑے بڑے کٹ آوٹس لگائے گئے ہیں ۔ بالخصوص چیف منسٹر کے سی آر اور ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر کے بڑے بڑے کٹ آوٹس لگائے گئے ہیں ۔ یوم تاسیس میں شرکت کرنے والے مندوبین کے لیے 33 اقسام کے مختلف لذیذ پکوان کئے جارہے ہیں جس میں چکن دم بریانی ، دم کا چکن ، رومالی روٹی ، مٹن کری ، بوٹی دالچہ ، بگارا کھانا ، مکسڈ ویج قورمہ کے علاوہ دوسرے ویج و نان ویج پکوان شامل ہیں ۔ میٹھے میں ڈبل کا میٹھا ، گلاب جامن ، آئسکرم وغیرہ کا مکمل انتظام کیا گیا ہے ۔ ٹی آر ایس پارٹی کے پلینری سیشن کے لیے سائبر آباد پولیس کی جانب سے بھاری بندوبست کیا گیا ہے ۔ کمشنر پولیس اسٹیفن رویندرا جوائنٹ پولیس کمشنر اویناش موہنتی مادھا پور ڈی سی پی شلپا ولی اور دوسرے پولیس عہدیدار بندوبست کی نگرانی کررہے ہیں ۔ اس سیشن کے لیے خصوصی کمانڈ کنٹرول قائم کیا گیا اور 300 سی سی کیمرے نصب کئے گئے ۔ آکٹوپس ، بم اسکواڈ ، ڈاگ اسکواڈ کے ذریعہ خصوصی نظر رکھی جارہی ہے ۔ ڈرون پٹرولنگ کا اہتمام کیا گیا ۔۔ ن